حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیاری کے طور پر دلت بندھو اسکیم کو تمام اسمبلی حلقہ جات میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے اس ضمن میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے گذشتہ مالیاتی سال کے تحت ہر اسمبلی حلقہ کے 100 استفادہ کنندگان کو دلت بندھو اسکیم کے دائرہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مجموعی طور پر ہر اسمبلی حلقہ میں جاریہ مالیاتی سال 1500 افراد کو دلت بندھو کے تحت امدادی رقم منظور کی جائے گی۔ کابینہ نے پہلے مرحلہ میں 118 اسمبلی حلقوں کے 500 افراد کو امداد فراہم کرنے قرارداد منظور کی ہے۔ کابینہ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر میونسپل کارپوریشنوں میں کوآپشن ممبرس کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں کوآپشن ممبرس کی تعداد کو 5 سے بڑھاکر 15 جبکہ دیگر بلدیات میں یہ تعداد 5 سے بڑھاکر 10 کردی جائے گی۔ کابینہ نے فاریسٹ یونیورسٹی کیلئے نئی جائیدادوں کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی مزید بہتر بنانے سونکی شالہ پراجکٹ سے مزید 33 ٹی ایم سی پانی حیدرآباد سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کام کیلئے کابینہ نے 2214.79 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے 21 اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر ضلع کورٹ عمارتوں کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھدراچلم ضلع میں زیر آب آنے والے علاقوں کے 2016 خاندانوں کیلئے نئی کالونیوں کی تعمیر کو کابینہ نے منظوری دی۔ر