قرآن و سنت رسولؐ پر عمل سے دونوں جہانوں میں کامیابی

   

تلاوت قرآن سے زندگیوں میں برکت و خوشحالی، ایم ایس حفاظ اکیڈیمی کے ایس ایس سی کامیاب طلبہ کی تہنیتی تقریب، صدرنشین محمد لطیف خان کا خطاب

حیدرآباد ۔ 27 مئی (سیاست نیوز) ہمارے لئے سب سے بڑی خوش قسمتی یہ ہیکہ اللہ عزوجل نے ہمیں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت مبارکہ میں پیدا کیا اور اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل کی گئی قرآن مجید ہمیں عطا کی جو تمام علوم کا منبع و مرکز ہے۔ قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے اپنے بندوں کی ہر معاملہ میں رہنمائی کی ہے۔ پیدائش سے لیکر موت تک اس کتاب ہدایت میں ساری انسانیت کیلئے ہدایات و آداب اصول و قواعد موجود ہیں اور اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے بندوں کو بار بار سوچ و فکر کا حکم دیا ہے تاکہ کائنات کے سربستہ رازوں کا انکشاف کیا جائے اور انہیں (مسلمانوں) کو دنیا کی امامت کا اعزاز بخشا جائے۔ ہماری ترقی کا راز بھی قرآن مجید اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل ہے اور ہمارے زوال کا سبب بھی قرآن اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری ہے، جس نے قرآن کو اپنایا اپنے سینے میں محفوظ کیا اپنے لبوں اور اپنی زبان پر جاری کیا اللہ عزوجل سے زندگی کے ہر معاملہ پر کامیابی و کامرانی عطا فرماتے ہیں۔ چنانچہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی یہ خوش نصیبی ہے کہ ہر سال میڈیسن، انجینئرنگ اور دوسرے پیشہ وارانہ کورسس میں کامیاب طلبہ میں حفاظ کی بھی ایک خاصی تعداد موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدرنشین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی جناب محمد لطیف خاں نے ایم ایس کریٹیو اسکول سے دسویں جماعت میں کامیاب 55 حفاظ کی تقریب تہنیت سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر جناب محمد انور منیجنگ ڈائرکٹر، ڈاکٹر محمد معظم حسین سینئر ڈائرکٹر، جناب محمد غوث ڈائرکٹر اور مولانا محمد عبداللہ بانعیم اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کرنے والے 55 حفاظ طلباء کی گلپوشی کی گئی ۔ ان میں سے 36 کا تعلق ایم ایس حفظ اکیڈیمی سے ہے۔ جناب لطیف محمد خاں نے بتایا کہ پہلے ان طلباء و طالبات کو ایم ایس حفظ اکیڈیمی سے صرف دو سال میں حفظ کروایا جاتا ہے۔ بعض بچے ایک سال میں ہی حفظ کرلیتے ہیں جبکہ ایک طالبہ نے 9 ماہ کی مختصر مدت میں حفظ مکمل کیا۔ اس مرتبہ دسویں جماعت میں کامیاب حفاظ میں 8 لڑکیاں شامل ہیں۔ ایم ایس حفظ اکیڈیمی نے حفظ کے بعد انہیں ایم ایس کریٹیو اسکول میں داخل کیا جاتا ہے۔ رواں سال حافظ محمد عبدالمحیط نے 10/10 سی بی پی اے اسکور کیا۔ اس محفل میں جناب محمد لطیف خاں نے بطور خاص حفاظ کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اور ان کے حفاظ بچے دین و دنیا میںکامیابی کی بہترین مثال ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حفاظ اکیڈیمی کے حفاظ کی دستاربندی 15 اگست کو ہوگی۔ اب تک اکیڈیمی سے 189 طلبہ حفظ مکمل کئے ہیں۔