15 برسوں سے جرم نہ کرنے والوں کی فائلیں بند کردیں گے : محکمہ پولیس

   

بھنڈ26جولائی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے چمبل علاقے میں محکمہ پولیس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہم قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے -بھنڈ پولیس پہلی بار ایسے غنڈوں اور ہسٹری شیٹروں کی فائلوں کو بند کرنے کی تیاری کر رہی ہے ، جنہوں نے گزشتہ 15 برسوں سے جرم نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس میں ملوث رہے ہیں۔فی الحال ضلع کے تھانوں میں 550 غنڈوں اور 250 ہسٹری شیٹرز کا ریکارڈ درج ہے ، جو گزشتہ ڈیڑھ دو دہائیوں سے کسی بھی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں پائے گئے ہیں، اس کے باوجود کسی بھی واردات کے بعد پولیس ان لوگوں کو تھانے بلا کر پوچھ گچھ کرتی ہے ، اب اس طریقۂ کار کو تبدیل کیے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسیت یادو نے ضلع کے تمام اسٹیشن انچارج کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں سے ایسے بدمعاشوں کی فہرست تیار کرکے بھیج دیں، جنہوں نے عرصۂ دراز سے کوئی جرم انجام نہیں دیا ہے ۔ اس فہرست کو سب ڈویژنل آفیسر آف پولیس (ایس ڈی او پی ) کے ذریعہ منظور کیا جائے گا اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر پہنچے گا، جہاں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی سطح پر کلوزر رپورٹ منسلک کرکے فائل کو بند کردیا جائے گا۔