حیدرآباد۔29۔نومبر(سیاست نیوز) 15بوتل خون کے عطیہ کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوچکا ہے اور سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ ہاسپٹل کے ریکارڈ س کے ساتھ سماجی جہد کاروں کے گروپ نے پریس کانفرنس کے ذریعہ تمام حقائق کو منظر عام پر لاتے ہوئے کہا کہ اسد الدین اویسی کی جانب سے 15 بوتل خون کے عطیہ کے دعوے کی جو تقریر ہے اس کے ریکارڈ س کے ساتھ وہ پارلیمانی کمیٹی برائے اخلاقیات سے رجوع ہوتے ہوئے تمام حقائق پیش کریں گے کیونکہ ایک منتخبہ عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود اسدالدین اویسی نے عوامی خطاب کے دوران جھوٹ پر مبنی دعویٰ کیا ہے۔ محترمہ لبنیٰ ثروت‘ محترمہ قدسیہ تبسم‘ محترمہ طلحہ جبین‘ عمران عادل ندیم‘ محمد فرحت اللہ شریف‘ ثناء اللہ خان‘ نعیم اللہ صوفی ‘ آمینہ نیلوفر حسن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ 15 بوتل خون کے عطیہ کے سلسلہ میں اسدالدین اویسی کی تقریر جو گشت کررہی ہے اس تقریر کے متعلق حقائق سے آگہی کے لئے سپرنٹنڈنٹ دواخانہ عثمانیہ سے طلب کی گئی تفصیلات کا جواب انہیں 24 نومبر 2023 کو موصول ہوا جس میں سپرنٹنڈنٹ نے عثمانیہ دواخانہ کے بلڈ بینک اور عطیہ دہندگان کے تمام تر ریکارڈس کی جانچ کے بعد اس بات کی توثیق کی ہے کہ اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ نے عثمانیہ دواخانہ میں کبھی خون کا عطیہ نہیں دیا ہے اور جہاں تک 15 بوتل خون کے عطیہ کی بات ہے تو یہ ممکن ہی نہیں ہے کیونکہ خون کے عطیہ کے لئے کچھ اصول متعین کئے گئے ہیں اور ان اصولوں کے مطابق ہی خون کا عطیہ لیا جاتا ہے ۔