بھیلواڑہ/راجستھان :(ایجنسیز)راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع کے بیجولیا علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں صرف 15 دن کی ایک نومولود بچی جنگل میں پڑی ملی۔ بچی کے منہ میں زبردستی پتھر بھرا گیا تھا اور اس کے ہونٹ فیویکوک سے چپکا دیے گئے تھے، جبکہ ایک پیر گرم پتھروں سے جلا دیا گیا تھا۔ اس ظلم کے نتیجے میں بچی کے پورے جسم میں شدید انفیکشن پھیل چکا ہے اور اس کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔یہ واقعہ ماندلگڑھ کے بیزولیا کے قریب سیتا کا کنڈ مندر کے قریب سڑک کنارے ایک جنگلی علاقے میں پیش آیا۔ ایک بوڑھا چرواہا، ہیرا لال تیلِی، بکریاں چرانے کے دوران بچیکی سسکی سن کر وہاں پہنچا۔ ابتدائی طور پر آواز بند ہو گئی تھی لیکن چند لمحوں بعد دوبارہ سسکی سنائی دی۔ ہیرا لال نے فوری طور پر مقامی لوگوں کو اطلاع دی، جس پر ہیمراج گجر، بابو پنڈت اور ویرندر سنگھ کے ہمراہ تقریباً 200 میٹر دور سے پتھروں کا ڈھیر ہٹایا گیا۔جب بچی کا منہ صاف کیا گیا تو پتھر نکالا گیا اور ہونٹ فیویکوک سے چپکے ہوئے تھے۔ واقعہ کی جگہ سے فیویکوک کا ریپر بھی ملا۔