دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق اب 15 سال سے کم عمر کے کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کے لیے کرکٹر کی عْمر کم ازکم 15 سال ہونا ضروری ہے۔ آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی حفاظت میں بہتری لانے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کے لیے کم سے کم عمر کی پابندیاں متعارف کروانے کی تصدیق کی ہے جس کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اورانڈر19 کرکٹ سمیت تمام کرکٹ میں ہوگا اور یہ اصول مردوں،خواتین اور انڈر 19 کرکٹ میں ہر ایک کے لیے لاگو ہوگا۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ کچھ وجوہات کی بناء پر اگر کسی ملک کا کرکٹ بورڈ عالمی سطح پر اپنے15 سال سے کم عمرکھلاڑی کو کھلانا چاہتے ہیں تو اْنہیں اس کے لیے آئی سی سی کو درخواست دینی ہوگی جس میں وہ تمام وجوہات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی اْس کھلاڑی کی صلاحیت دیکھتے ہوئے اْسے اجازت نامہ دے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی عْمر سے متعلق کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔ یاد رہے کہ سال 1996 سے 2005 کے درمیان سات ٹسٹ اور16 ونڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمری میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے ٹسٹ کیریئر کا آغاز 14 سال کی عمر میں کیا تھا۔