16 سالہ طالبہ کی اسکول میں دل کا دورہ پڑنے سے موت

   

بھوپال : مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں دل کا دورہ پڑنے سے 16 سالہ طالبہ کی موت ہوگئی۔ ورندا ترپاٹھی نامی طالبہ 11 ویں جماعت کی طالبہ تھی۔ ورندا ترپاٹھی کے گھر والوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو کوئی سنگین بیماری نہیں تھی۔ وہ معمول کے مطابق اسکول گئی اور کھیل رہی تھی۔ اچانک اس کے سینے میں درد ہوا اور وہ ہانپتے ہوئے نیچے گر گئی۔ اسکول کا عملہ اسے ہاسپٹل لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی گئی، طالبہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے، تاکہ موت کی اصل وجہ بھی معلوم ہوسکے۔ ورندا کے اچانک دنیا سے چلے جانے سے گھر والے شدید صدمے میں ہیں لیکن انہوں نے 16 سالہ بیٹی کی آنکھیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے مسکان گروپ سے رابطہ کیا۔ گروپ کے خادم جیتو بگانی اور انل گور نے ورندا کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور ورندا کی آنکھیں نکال کر دوسروں کی زندگی میں روشنی لانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اندور میں ہارٹ اٹیک کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتے کے پہلے تین دنوں میں دل کا دورہ پڑنے سے 11 افراد کی موت ہوئی تھی۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ میچ کے دوران ایک پولیس افسر کو دل کا دورہ پڑا۔ وہ ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔