16 نومبر کو تمل ناڈو میں ریاست گیر احتجاج کا اعلان

   

چینائی 13 نومبر (آئی اے این ایس) فلموں کے معروف اداکار وجے کی سیاسی جماعت تملگا وِتری کڑگم (ٹی وی کے) نے ووٹر فہرستوں کی جاری خصوصی جامع نظرِثانی (سر) کے خلاف ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے، جو اتوار 16 نومبرکو ہوگا۔ اداکار سے سیاست دان بنے وجے کی قیادت میں پارٹی تمل ناڈو بھر میں بڑی سطح پر متحرک ہونے جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے صدر دفاتر کے سامنے مظاہروں کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پارٹی کے سینئر عہدیداروں کے مطابق، ٹی وی کے نے اپنے ضلعی سکریٹریوں اور مقامی لیڈروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 16 نومبر صبح 11 بجے بیک وقت احتجاجی مظاہرے منعقد کریں۔ ریاستی سطح کے عہدیداران کو اہم اضلاع میں قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ زونل اور یونین سطح کے لیڈر مقامی سطح پر عوامی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ٹی وی کے کا بنیادی اعتراض یہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے کی جا رہی یہ نظرِثانی ووٹرزکی شمولیت اور شفافیت پر سنگین اثرات ڈال سکتی ہے۔ قیادت کو یہ خدشہ ہے کہ بہت سے اہل ووٹرزکو گھروں میں تصدیقی عمل کے دوران خامیوں کی وجہ سے مشکلات یا ووٹر فہرست سے نام حذف ہونے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔