17 ریاستوں میں بارش اور طوفان کا الرٹ، تیز ہوائیں چلیں گی

   

نئی دہلی۔ 26 ستمبر (ایجنسیز) محکمہ موسمیات (IMD) نے 17 ریاستوں کے لیے بارش اور 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق مشرقی، وسطی، مغربی، جنوبی اور شمال مشرقی بھارت میں آنے والے دنوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ کئی علاقوں میں بھاری سے انتہائی بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق بہار، جھارکھنڈ اور اتر پردیش میں موسم عام رہے گا اور یہاں شدید بارش یا طوفان کے خطرات نہیں ہیں۔ تاہم دیگر ریاستوں میں بارش کا دورانیہ اور شدت مختلف دنوں میں جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔چھتیس گڑھ میں 26 سے 29 ستمبر تک ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی، جبکہ مشرقی مدھیہ پردیش میں 29 اور 30 ستمبر کو بارش کا امکان ہے۔ مغربی مدھیہ پردیش میں بھی 28 سے 30 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اڈیشہ کے لیے 26 اور 27 ستمبر کو بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مغربی بنگال میں 27 ستمبر کو بارش کی پیش قیاسی ہے۔مہاراشٹرا کے مختلف حصوں جیسے مدھیہ مہاراشٹرا، کونکن اور گوا میں 26 ستمبر سے 1 اکتوبر تک بارش ہوگی اور 29 ستمبر کو انتہائی بھاری بارش متوقع ہے۔ مراتھواڑہ میں 26 سے 28 ستمبر تک بارش ہوگی اور 27 کو بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح گجرات میں بھی 27 سے 30 ستمبر کے دوران بارش ہوگی۔شمال مشرقی بھارت میں بھی بارش کا زور رہے گا۔ آسام اور میگھالیہ میں 27 ستمبر سے 1 اکتوبر تک بارش ہوگی، جبکہ ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 25 ستمبر اور پھر 29 ستمبر سے 1 اکتوبر تک بارش کے امکانات ہیں۔ اروناچل پردیش میں یکم اکتوبر کو بارش ہوگی۔جنوبی بھارت میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ، تمل ناڈو، کیرالا اور ساحلی آندھرا پردیش میں 27 ستمبر تک بارش ہوگی۔ کرناٹک میں 26 سے 29 ستمبر تک بارش متوقع ہے، جبکہ ساحلی آندھرا پردیش میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور تازہ ترین موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔