1638 خواتین اور 1356 مرد امیدواروں کی کامیابی ، 1924 گریجویٹ اور 194 پوسٹ گریجویٹ منتخب
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ہوئے بلدی انتخابات میں منتخب ہونے والوں میں خواتین نے مردوں پر سبقت حاصل کرلی اور مجموعی اعتبار سے تلنگانہ کے تمام شہری بلدیات میں منتخب ہونے والے 2995 امیداروں میں 1638خواتین نے کامیابی حاصل کی جبکہ 1356 مرد امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 1019 گھرگرہستی چلانے والی خواتین کو رائے دہندوں نے بلدی انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار کرتے ہوئے انہیں اپنے بلدی حلقہ جات کی ترقی کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ میں ہوئے شہری بلدیات کے انتخابات کے دوران پیشہ کے اعتبار سے سب سے زیادہ کامیابی حاصل کرنے والوں میں سرفہرست ’’گرہست‘‘ خواتین ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر 676 منتخبہ امیدوارشعبہ تجارت سے تعلق رکھنے والے ہیں جبکہ 555 منتخب ہونے والوں نے خود کو ’’دیگر ‘‘ کے زمرہ میں شامل رکھا ہے ۔69 خانگی ملازمین ایسے ہیں جو بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کئے ہیں اور 644 ایسے منتخبہ نمائندے ہیں جنہوں نے اپنے پیشہ کی جگہ کوئی زمرہ کا انتخاب نہیں کیا ہے یعنی انہوں نے اپنی مصروفیات کے متعلق اپنے پرچہ ٔ نامزدگی میں تفصیلات درج نہیں کی ہیں۔1019’’گرہست‘‘ خواتین جو بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہیں ان میں سب سے زیادہ منتخبہ خواتین کا تعلق کانگریس سے ہے اور 550 گرہست خواتین کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی ہیں جبکہ بی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی گرہست خواتین کی تعداد 260ہے اور بی جے پی کے ٹکٹ پر جو منتخب ہوئی ہیں ان کی تعداد 106 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 60 آزاد امیدوار ایسی ہیں جو کہ گرہست ہیں اور کامیاب ہوئی ہیں۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی گرہست خواتین کی تعداد 19 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آل انڈیا فارورڈ بلاک کے ٹکٹ پر 10 گرہست خواتین نے کامیابی حاصل کی ہے۔سی پی آئی سے 9 ‘ سی پی ایم سے تعلق رکھنے والی 4 اور بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر 1 گرہست خاتون نے کامیابی حاصل کی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ ناخواندہ منتخب امیدواروں کا تعلق کانگریس سے ہے ۔منتخبہ امیدواروں میں 1924 گریجویٹ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ 194 پوسٹ گریجویٹ امیدوار ہیں جنہوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔جملہ منتخبہ نمائندوں میں 334 ناخواندہ امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جن میں 214 خواتین اور 120 مرد شامل ہیں۔ناخواندہ امیدواروں میں 168کا تعلق برسراقتدار کانگریس سے ہے جبکہ 102 ناخواندہ امیدواروں کا تعلق بی آر ایس سے ہے اس کے علاوہ اسی طرح بی جے پی کے ٹکٹ پر 21 اور مجلس کے ٹکٹ پر 3 ناخواندہ امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔مابقی 40 ناخواندہ نمائندوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار شامل ہیں جو کہ تعلیم کے اعتبار سے ناخواندہ کے زمرہ میں شمار کئے جاتے ہیں۔194پوسٹ گریجویٹ منتخبہ بلدی نمائندوں میں 99 کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے جبکہ 48 منتخب ہونے والوں کا تعلق بی آر ایس سے ہے۔ اسی طرح 30 پوسٹ گریجویٹ بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 آزاد امیدوار ہیں جو پوسٹ گریجویٹ منتخب ہوئے ہیں۔سی پی آئی کے ٹکٹ پر 4پوسٹ گریجویٹ منتخب ہوئے ہیں اس کے علاوہ مجلس اتحاد المسلمین اور آل انڈیا فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والے 2-2 اراکین بلدیہ پوسٹ گریجویٹ ہیںجو منتخب ہوئے ہیں۔3