انتخابات سے قبل ایک اور پہلگام کا بلیوپرنٹ تیار تو نہیں ہے ؟ممتابنرجی کا سوال

,

   

وزیر دفاع پاکستان کے کولکتہ پر حملے کی دھمکی پر مودی کیوں خاموش ہیں ؟ ۔ وزیرا عظم کو استعفی پیش کردینا چاہئے
نئی دہلی 6 اپریل ( ایجنسیز ) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے ریاست میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ آیا پارٹی کے پاس انتخابات سے قبل ایک اور پہلگام حملے کا بلیوپرنٹ تو تیار نہیں ہے ۔ بی جے پی نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول سربراہ کے ریمارکس اقلیتی ووٹ بینک کو خوش کرنے کی کوشش ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ ترنمول کانگریس مخالف ہندو ہے ۔ ناڈیہ ضلع میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتابنرجی نے وزیر دفاع پاکستان خواجہ آصف کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کولکتہ کو نشانہ بنانے کی بات کہی تھی ۔ ممتابنرجی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جنہوں نے شمالی بنگال کے کوچ بہار میں ریلی سے خطاب کیا تھا اس دھمکی پر ردعمل کیوں ظاہر نہیں کیا ہے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ وہ کولکتہ کو نشانہ بنائیں گے ۔ نریندر مودی نے کیوں نہیں کہا کہ ہم سخت جواب دیں گے ۔ اس کی وجہ کیا ہے ۔ کیا بلیوپرنٹ تیار ہے ؟ انتخابات سے قبل ایک اور پہلگام کا ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت بنگال کے عوام کو نشانہ بنائے گی تو بنگال بھی جواب دے گا ۔ اگر کوئی کولکتہ کو نشانہ بنانے کی بات کرتا ہے تو ہم ہندوستانی شہری ہونے کے ناطے اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ آپ خاموش بیٹھے ہیں ۔ آپ کو شرم نہیں آتی ؟ ۔ آپ کو استعفیٰ پیش کردینا چاہئے ۔ بی جے پی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے ممتابنرجی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ممتابنرجی پہلگام حملے کو اسکرپٹ اور بلیوپرنٹ قرار دے رہی ہیں۔ یہ در اصل مسلم ووٹ بینک کو خوش کرنے کی کوشش ہے اور ترنمول کانگریس مخالف ہندو پارٹی ہے ۔