175 کروڑ کی سائبر دھوکہ دہی ‘ دو افراد گرفتار ۔سائبر سیکوریٹی بیورو کی کارروائی

   

حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو کی جانب سے شمشیر گنج ایس بی آئی بینک میں دو ماہ کی مدت میں چھ اکاونٹ سے کروڑہا روپئے کے بڑے گھوٹالہ پر کارروائی کی گئی جس میں پتہ چلا کہ محمد شعیب توقیر ساکن مانصاحب ٹینک اور مغل پورہ کا محمود بن احمد باوزیر نے شمشیر گنج کے بینک میں فروری میں 6 بینک اکاونٹس کھولے اور مارچ اور اپریل دو ماہ میں کروڑہا روپئے کی منتقلی کی جس میں اصل جعلساز دبئی میں رہ کر اپنے پانچ ساتھیوں سے رقم کی منتقلی کروایاتھا ۔ 6 بینک اکاونٹس میں 600 سے زائد شکایتوں کو دیکھتے ہوئے نیشنل سائبر رپورٹنگ پورٹل کے ذریعہ جانکاری ملنے پر TGCSB ڈائرکٹر شیکھاگوئل کی ہدایت پر عہدیداروں نے کے وی ایم پرساد ڈی ایس پی کی نگرانی میں کارروائی کا آغاز کرکے دو جعلساز کو گرفتار کرلیا گیا اور باقی چار کی تلاش شروع کردی ۔ شعیب جو بینک اکاونٹ کھولنے عوام کو راضی کرتا اور ان کے پاس سے ضروری دستاویزات حاصل کرتا اور اکاونٹ کھلنے کے بعد خالی چیکس پر ان کے دستخط حاصل کرتا اور کرپٹو کرنسی کے تحت رقم دبئی منتقل کرتا ۔ دبئی کے اصل جعلساز کی ہدایت پر شہر کے مختلف ایجنٹس کے اکاونٹ میں رقم جمع کروائی گئی ۔اندازہ کے مطابق رقم کی منتقلی 175 کروڑ روپیوں تک کی گئی ۔ دو جعلساز پولیس کی تحویل میں ہیں اور مابقی چار کی گرفتاری کیلئے پولیس نے تلاش شروع کردی ۔