18دن کی نومولود کو درندہ صفت باپ نے فروخت کردیا

   

پولیس نے اندرون 24 گھنٹے بچی کوبرآمد کرلیا ۔ والدہ کے سپرد۔ تین افراد گرفتار
حیدرآباد /12 جولائی ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ بنڈلہ گوڑہ میں نومولود بچی کو فروحت کرنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا اور بچی کے والد کے بشمول تین افراد کو گرفتار کرلیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ اپنی 18 دن نومولود بچی کو فروخت کرنے کے خلاف خاتون نے پولیس میں شوہر کے خلاف شکایت کردی ۔ خاتون کی درد و فریاد اور تڑپ کو دیکھتے ہوئے بنڈلہ گوڑہ پولیس حرکت میں آگئی اور دو ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے اندرون 24 گھنٹے سازش کو ناکام بنادیا اور خاطیوں کو گرفتار کرلیا ۔ بنڈلہ گوڑہ انسپکٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ اسماء بیگم نامی خاتون نے پولیس اسٹیشن میںشکایت درج کروائی کہ اس کے شوہر نے اس کی 18 دن کی لڑکی کو لے کر فرار ہوگیا اور فروخت کردیا ۔ پولیس ٹیموں نے نومولود بچی کو صحیح سلامت برآمد کرلیا اور بچی کی والدہ اسماء بیگم کے حوالے کردیا ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے اسماء بیگم کے شوہر آصف درمیانی خاتون سلطانہ اور ملن صاحب نامی خریدار کو گرفتار کرلیا ۔ آصف نے اپنی بیٹی کو ایک لاکھ روپئے میں فروخت کردیا تھا ۔ پولیس بنڈلہ گوڑہ اس معاملہ میں مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ ع