18 اکتوبر کے تلنگانہ بند کو کانگریس کی بھرپور تائید : مہیش کمار گوڑ

   

بی سی تنظیموں کے قائدین کی گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس سے ملاقات
حیدرآباد 16 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے بی سی طبقات کے 42 فیصد تحفظات کیلئے 18 اکتوبر کو بی سی تنظیموں کے تلنگانہ بند کی تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ بی سی تنظیموں کی جے اے سی کے قائد آر کرشنیا کی قیادت میں بی سی تنظیموں کے قائدین نے آج گاندھی بھون پہنچ کر مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی اور بند کی تائید کی اپیل کی جس پر مہیش کمار گوڑ نے حکمران کانگریس کی جانب سے بند کی تائید کا اعلان کیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے عہد کی پابند ہے۔ راہول گاندھی کی خواہش کے مطابق چیف منسٹر نے ریاست میں ذات پات کا سروے کراکے اسمبلی میں بی سی تحفظات کے لئے دو قوانین تیار کئے ہیں جس کو مرکزی حکومت نے زیر التواء رکھا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس ہائی کورٹ کی جانب سے بی سی تحفظات کیلئے جاری کردہ جی او 9 پر حکم التواء عائد کرنے کے خلاف سپریم کورٹ سے بھی رجوع ہوئی ۔ کانگریس بی سی تحفظات کے معاملہ میں سنجیدہ ہے۔ مرکزی حکومت اس معاملہ میں تعاون نہیں کر رہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے کاما ریڈی میں بی سی ڈکلیریشن کیا تھا، اس پر پارٹی قائم ہے۔ بی سی طبقات تعلیمی ، معاشی ، سماجی پسماندگی کا شکار ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے 42 فیصد تحفظات کی پہل کی ۔ اسمبلی میں بل کی تائیدیجماعتیں بل کو منظوری دلانے میں ٹال مٹول کا مظاہرہ کر رہی ہیں ۔ راہول گاندھی نے کہہ دیا ہے کہ جس کی جتنی آبادی ، اس کی اتنی حصہ داری ۔ صدر تلنگانہ کانگریس نے کہا کہ الیکشن اور سیاست الگ ہیں ۔ تمام جماعتوں کو سیاست سے بالاتر ہوکر تحفظات کیلئے متحدہ جدوجہد کی اپیل کی۔ بی سی تحفظات کو 9 ویں شیڈول میں شامل کرنے مرکز تیار نہیں ہے۔ اس معاملہ میں تلنگانہ بی جے پی قائدین تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہوگیا ہے اور یہ دونوں جماعتیں بی سی طبقات کو ان کے 42 فیصد تحفظات سے دور رکھنے کیلئے راست و بالراست ایک دوسرے کی تائید کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے عدالتوں میں ، ایوانوں میں اور سڑکوں پر اپنا اہم رول ادا کریگی۔2

جوبلی ہلز میں تائید حاصل کرنے مہیش کمار گوڑ کی سی پی ایم قائدین سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے آج سی پی ایم پارٹی آفس پہنچ کر اہم قائدین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کے امیدوار نوین یادو کی تائید کرنے کی سی پی ایم سے اپیل کی۔ ساتھ ہی بی سی طبقات کو فراہم کئے جانے والے 42 فیصد تحفظات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں سی پی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری جان ویسلی کے علاوہ سابق رکن اسمبلی جے رنگا ریڈی ، ٹی جیوتی ، عباس کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ جان ویسلی نے مہیش کمار گوڑ کو بتایا کہ 20 اکتوبر کو اسٹیٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد وہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی تائید کرنے کے معاملہ میں قطعی کوئی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بی سی تحفظات کو فراہم کئے جانے والے 42 فیصد تحفظات کے مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا جس سے مہیش کمار گوڑ نے اتفاق کیا۔2