حیدرآباد13اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں اپنی بس یاترا کے پروگرام کو قطعیت دے دی ہے ۔ 18 اکٹوبر سے بس یاترا کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس میں کانگریس قائد اور راہول گاندھی شرکت کریں گے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی دہلی میں ہائی کمان سے ملاقات کرتے ہوئے بس یاترا کے انتظامات کو قطعیت دے رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی کریم نگر کے دھرما پوری اسمبلی حلقہ سے بس یاترا کا آغاز کریں گے اور نظام آباد میں شب بسری کے بعد 19 اکٹوبر کو یلاریڈی اور دوسرے حلقوں سے گذرکر شام میں کاماریڈی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ کاماریڈی میں شب بسری کے بعد 20 اکٹوبر کو تیسرے دن اپنی بس یاترا جاری رکھیں گے ۔ بس یاترا کے شیڈیول کا کل ہفتہ کو اعلان کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے 15 اکٹوبر سے بس یاترا کا فیصلہ کیا تھا تاہم تہواروں کے سیزن کے پیش نظر یاترا کو موخر کیا گیا ۔ کہا جارہا تھا کہ یہ بس یاترا 25 اکٹوبر کے بعد سے شروع ہوگی تاہم اب اس یاترا کے 18 اکٹوبر سے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ابتداء میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی بس یاترا میں حصہ لیں گی ۔ تاہم ابھی اس تعلق باضابطہ کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔