12 حکومتی بل پیش کئے گئے اور 4 کو منظوری ملی، اسپیکر کا وزیراعظم، قائد اپوزیشن اور میڈیا سے اظہارتشکر
نئی دہلی: 18ویں لوک سبھا کے دوسرے اجلاس کے اختتام پر اسپیکر نے اراکین کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم 18ویں لوک سبھا کے دوسرے اجلاس کے اختتام پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ سیشن 22 جولائی 2024 کو شروع ہوا۔ اس سیشن میں ہم نے 15 میٹنگیں کیں جو 115 گھنٹے تک جاری رہیں۔برلا نے کہا کہ مرکزی بجٹ (2024-2025) کو 23 جولائی 2024 کو معزز وزیر خزانہ نے ایوان میں پیش کیا۔ ایوان کے ذریعہ مرکزی بجٹ 2024-25 پر عام بحث 27 گھنٹے 19 منٹ تک جاری رہی۔ اس بحث میں 181 معزز اراکین نے حصہ لیا۔ وزیر خزانہ نے 30 جولائی 2024 کو بحث کا جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ منتخب وزارتوں/محکموں کے گرانٹس کے مطالبات (2024-25) پر ایوان نے 30جولائی 2024 سے 5اگست 2024 تک بحث کی اور بحث کے اختتام کے بعد ان پر ووٹنگ کی گئی۔ 5اگست 2024 کو مرکزی بجٹ سے متعلق تخصیص کا بل منظور ہوا۔لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ اس اجلاس کے دوران 12 حکومتی بل پیش کیے گئے اور کل 4 بل منظور کیے گئے ۔ اجلاس کے دوران 86 ستاروں والے سوالات کے زبانی جوابات دیے گئے ۔رلا نے بتایا کہ ضابطہ ۔ 377 کے تحت ایوان میں 358 معاملات اٹھائے گئے ۔کل 30 بیانات جن میں ہدایت 73A کے تحت 25 بیانات، پارلیمانی امور کے وزیر کے سرکاری کام کے بارے میں 2بیانات اور قاعدہ 372 کے تحت معزز وزراء کی طرف سے تین ‘سو موٹو بیانات’ دیے گئے ۔اجلاس کے دوران کل 1345 مقالے ایوان کی میز پر رکھے گئے ۔ 31 جولائی 2024 کو رول 197کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے موضوع پر توجہ دلانے کی تحریک پیش کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران 65 پرائیویٹ بل پیش کئے گئے ۔ نجی اراکین کی قراردادوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شفیع پرمبیل کی طرف سے ملک میں ہوائی کرایوں کو منظم کرنے کیلئے مناسب اقدامات کے موضوع پر پیش کی گئی ایک قرارداد کو 26 جولائی 2024 کو ایوان میں بحث کیلئے پیش کیا گیا۔ تاہم اس قرارداد پر بحث مکمل نہیں ہو سکی۔برلا نے بتایا کہ لوک سبھا کے اس اجلاس کی کام کاج کی شرح تقریباً 136 فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے معزز ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایوان کی کارروائی کو مکمل کرنے میں تعاون کیا۔ اس کے علاوہ وہ وزیر اعظم، پارلیمانی امور کے وزراء، قائد حزب اختلاف، مختلف جماعتوں کے قائدین اور معزز اراکین کا ان کے تعاون کیلئے بے حد مشکور ہیں۔انہوں نے پریس اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔