حیدرآباد، 30 مئی (راست ) : نصر پولو اینڈ ایکوئسٹرین اکیڈمی میں منعقدہ حیدرآباد ہارس شو سمر ایکوئسٹرین چمپئن شپ کامیابی سے منعقد ہوئی۔ یہ مقابلہ شہرکی گھڑ سواری کی تاریخی وراثت کو خراجِ پیش کرنے کے لیے 1868 میں منعقدہ اصل ہارس شوکی روایت کو زندہ کرتے ہوئے منعقد کیا گیا۔ چار روزہ ایونٹ میں 600 سے زائد سواروں نے شو جمپنگ (45 سے 120 سینٹی میٹر) اور ڈریساڑ میں حصہ لیا۔ انڈر10، انڈر16 اور اوپن زمروں میں تمام عمر کے سوار شامل تھے۔ نمایاں کلبز میں نصر پولو، رائل کابالو، رانچو دی کابالو، آرچی رائیڈنگ کلب، حیدرآباد ایکوئسٹرین سینٹر، اسٹالین کلب، اور تلنگانہ ہارس رائیڈنگ کلب شامل تھے۔ نصر پولو اینڈ ایکوئسٹرین اکیڈمی نے مجموعی چمپئن شپ جیتی۔ میر نجم الدین اعظم اور عائزہ میر نے بہترین کارکردگی پر خصوصی اعزاز حاصل کیا۔ سی ای او میر احمد نے کہا یہ مقابلہ صرف میڈلس کا نہیں تاریخ کو محسوس کرنے اور 1868 کی میراث پر فخرکا موقع تھا۔