نئی دہلی ۔ اگرکسی ٹیم کی 7 وکٹیں 91 رنز پرگر جائیں تو اکثر اس ٹیم کے حوصلے پست ہوجاتے ہیں لیکن اگر مشیر خان اس ٹیم میں ہوں تو پھر گھٹنے ٹیکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دلیپ ٹرافی میں بھی انڈیا بی کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہوا۔ پہلے دن انڈیا بی ٹیم نے100 رنز سے پہلے 7 وکٹیں گنوا دیں۔ یشسوی جیسوال، سرفراز خان اور ریشپھ پنت جیسے اسٹار کھلاڑی پہلے ہی پویلین لوٹ چکے تھے لیکن پھر19 سالہ مشیر خان نے کمال کردیا۔ مشیر خان نے انڈیا اے کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے اپنے بیٹ سے181 رنز بنائے اور اس کھلاڑی نے نودیپ سینی کے ساتھ مل کر ایک بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ مشیر خان نے دلیپ ٹرافی میں انڈیا اے کے خلاف 373 گیندوں پر 5 چھکے اور 16 چوکے لگائے۔ یہاں بڑی بات یہ ہے کہ مشیر نے نودیپ سینی کے ساتھ مل کر 205 رنزکی شراکت داری کی جو دلیپ ٹرافی کی تاریخ میں8 ویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔ مشیر اور سینی کی اس شراکت کی بنیاد پر انڈیا بی نے 321 رنزکا اچھا اسکور بنایا۔ مشیر خان کی عمر صرف 19 سال ہے لیکن اس کھلاڑی کو اپنے کھیل کا حیرت انگیز تجربہ ہے۔ مشیر خان ہمیشہ بڑے مواقع پر چمکتے ہیں۔ اس کھلاڑی نے رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ مشیر نے رانجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں 55 رنزکی اننگز کھیلی۔ مشیر نے رانجی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنائی اور اب دلیپ ٹرافی میں بھی مشیر نے181 رنز بنائے۔ جب مشیر خان سے ان کی بڑی اننگز کے بارے میں پوچھا گیا توکھلاڑی نے کہا کہ ان کے والد نے انہیں بڑی اننگزکھیلنے کی تربیت دی ہے۔ مشیر کے مطابق ان کی سنچری 150 رنز سے شروع ہوتی ہے۔ مشیر نے بتایا کہ ان کے والد نے انہیں سکھایا ہے کہ وہ150رنزکو عبور کرنے کے بعد ہی اپنے شاٹس آزادانہ طور پر کھیل سکتے ہیں۔ یہ فارمولا مشیرکے لیے بھی کام کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ صرف 19 سال کی عمر میں یہ کھلاڑی کمال کررہا ہے۔مشیر خان کی شاندار سنچری کی بدولت ٹیم نے پہلی اننگز میں 321 رنز بنائے ہیں ۔