اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ، قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوٹر امجد پرویز اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے ۔سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ لاہور کے افسوسناک واقعے کی وجہ سے وکلا ہڑتال پر ہیں، میں لاہور سے آیا ہوں یہ ہائی پروفائل کیس ہے میڈیا پر چلنا ہے ، یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہو گا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ لاہور میں کل جو ہوا وہ بہت افسوسناک ہے لیکن ہم بطور عدالت مظاہروں کی توثیق نہیں کر سکتے ۔ بعد ازاں عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔امجد پرویز نے کہا کہ آپ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی مرضی کی کوئی آئندہ کی تاریخ رکھ لیں، آپ روزانہ کی بنیاد پر کیس سن لیں لیکن میری استدعا ہے کہ آج نہ سنیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ہم وکلا برادری کو سمجھتے ہیں لیکن کام تو چلتے رہنا ہے ، ہڑتال کی وجہ سے کیس کی سماعت تو ملتوی نہیں کر سکتے ۔