نئی دہلی: یکم اپریل (ایجنسیز) حکومت نے ٹیکس نظام کو آسان اور زیادہ شفاف بنانے کے مقصد سے نیا انکم ٹیکس قانون 2025 نافذ کر دیا ہے، جو یکم اپریل 2026 یعنی سے عمل میں آ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقریباً 65 سال پرانا انکم ٹیکس قانون 1961 اب ختم ہو چکا ہے۔نئے قانون کے تحت نہ صرف ٹیکس کی اصطلاحات کو سادہ بنایا گیا ہے بلکہ کئی اہم قواعد میں تبدیلی بھی کی گئی ہے، جس کا براہ راست اثر عام ٹیکس دہندگان، ملازمین اور سرمایہ کاروں پر پڑے گا۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات ٹیکس نظام کو کم پیچیدہ بنانے اور ٹیکس فائلنگ کے عمل کو سہل کرنے کیلئے کی گئی ہیں۔ اس نئے نظام میں خاص طور پر آئی ٹی آر، ایچ آر اے ٹیکس ایئر، الاؤنسز اور دیگر کئی پہلوؤں میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
سب سے بڑی تبدیلی ٹیکس ایئر کے تصور میں کی گئی ہے۔ اب مالی سال (فنانشل ایئر) اور اسسمنٹ ایئر کی الجھن کو ختم کرتے ہوئے صرف ایک ”ٹیکس ایئر” متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سے ٹیکس دہندگان کو حساب کتاب میں آسانی ہوگی اور وہ ایک ہی سال کے حساب سے اپنی آمدنی اور ٹیکس کی تفصیل دے سکیں گے۔