2 مارچ نئی دہلی کی خواتین کیلئے وقف ہوگا: ریکھاگپتا

   

نئی دہلی، 27 فروری (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو اعلان کیا کہ 2 مارچ قومی دارالحکومت کی بیٹیوں اور خواتین کے نام ایک خصوصی دن ہوگا، اس موقع پر متعدد اہم خواتین فلاحی اسکیموں کا آغاز کیا جائے گا۔ اس تقریب میں صدرِ جمہوریہ ہند دروپدی مرمو بھی شریک ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس پروگرام کے دوران خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے کئی نئی پہلوں کا آغاز کیا جائے گا۔ میری پونجی، میرا ادھیکار اسکیم کے تحت 40,642 لڑکیوں کے بینک کھاتوں میں براہِ راست 100 کروڑ روپے کی مالی امداد منتقل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کم عمر بچیوں کے مالی تحفظ کو مضبوط بنانا اور ان کی طویل مدتی خود مختاری کو فروغ دینا ہے ۔ ریکھا گپتا نے کہ سہیلی پنک اسمارٹ کارڈ کے اجرا کا بھی اعلان کیا، جس کے ذریعے دہلی بھر میں خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اسکیم کا مقصد خواتین مسافروں کی نقل و حرکت، تحفظ اور رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ ہولی کے موقع پر حکومت 128 کروڑ روپے کی لاگت سے مفت ایل پی جی سلنڈر اسکیم بھی شروع کرے گی، جس سے معاشی طور پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کو راحت ملے گی۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ لڑکیوں کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے “دہلی لکھپتی بٹیا یوجنا” بھی متعارف کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ہولی کا تہوار دہلی کی خواتین کی طاقت کے نام ہوگا اور یہ موقع دارالحکومت میں خواتین کے حقوق، وقار اور مالی خود انحصاری کو مزید مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔