2 کروڑ 7 لاکھ روپئے مالیتی شراب ضبط ، ایکسائز انفورسمنٹ کی کارروائی

   

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ایکسائز انفورسمنٹ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ 7 لاکھ روپئے مالیتی شراب کو ضبط کرلیا ۔ یہ نان ڈیوٹی پیڈ شراب کو گوا سے منتقل کیا جارہا تھا ۔ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایکسائز انفورسمنٹ نے قومی شاہراہ پر ڈی سی ایم کا تعاقب کیا ۔ قومی شاہراہ نمبر 44 ضلع محبوب نگر کے بالا نگر چوراہے پر گاڑی کو روک لیا گیا اور نان ڈیوٹی پیڈ شراب کو ضبط کرلیا گیا ۔ جو ریاست آندھرا پردیش منتقل کی جارہی تھی ۔ ایکسائز انفورسمنٹ کا ماننا ہے کہ اس شراب کو انتخابات کے لیے رائے دہندوں کو متاثر کرنے کے لیے تقسیم کیا جانے والا تھا اور عوام میں تقسیم کی غرض سے نان ڈیوٹی پیڈ شراب گوا سے منتقل کی جارہی تھی ۔ ایکسائز انفورسمنٹ نے اس کارروائی میں گوا کے ساکن جی جیکپ اور اس کے معاون کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آر کشن اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیون کرن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹر وی بی کملاسن ریڈی کی ہدایت پر کارروائی کی گئی ۔۔ ع