صرف 5 دن باقی، 28 ستمبر کو میلادالنبیؐ کی تعطیل، بینک بند رہیں گے
حیدرآباد ۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) دو ہزار روپئے (2000) کے نوٹوں کی تبدیلی کیلئے صرف 5 دن باقی رہ گئے ہیں۔ آر بی آئی کی دی گئی مہلت 30 ستمبر کو ختم ہوجائے گی۔ واضح رہیکہ ریزرو بینک آف انڈیا نے اپنی کلین نوٹ پالیسی کے طور پر 2 ہزار روپئے کی نوٹوں سے دستبرداری اختیار کرکے 23 مئی سے بنکوں میں نوٹ بدلنے کی اجازت دی ہے۔ کسی بھی بنک کی برانچ میں ایک دن میں 20 ہزار قدر کی 2 ہزار کی نوٹ تبدیل کرنے سہولت فراہم کی گئی۔ اس طرح عام سیونگ اکاؤنٹس اور جن دھن کھاتوں میں جمع کرنے کی کوئی حد نہیں رکھی گئی ۔ اگر آپ کو 50 ہزار سے زیادہ روپئے جمع کرانا ہے تو آئی ٹی کے اصولوں کے مطابق PAN کی تفصیلات جمع کرانی ہوگی۔ اگرچہ کہ آر بی آئی کا کہنا ہیکہ نوٹوں کے تبادلے کیلئے کسی سلپ (پرچی) یا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے لیکن چند بینک سرٹیفکیٹس طلب کررہے ہیں حالانکہ 2 ہزار روپئے کی نوٹ تبدیل کرانے کیلئے پانچ دن باقی ہے لیکن اس درمیان بنک کو ایک دن کی تعطیل بھی ہے یعنی 25، 26 اور 27 ستمبر کو نوٹ بدلنے کا موقع ہے۔ تاہم 28 ستمبر کو میلادالنبیؐ تعطیل کی وجہ سے بنکس بند رہیں گے۔ بنک 29 اور 30 ستمبر کو دوبارہ کام کریں گے۔ ان دونوں دن بنک کے اوقات کار کے دوران نوٹوں کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے۔ آر بی آئی اندازہ لگارہی ہیکہ یکم ؍ ستمبر تک 7 فیصد نوٹ واپس آجائیں گے۔ن