20 تا 24 جنوری تک گرام اور بستی سبھائیں

   

26 جنوری سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : راشن کارڈس کے لیے طویل عرصے سے انتظار کرنے والے غریب عوام کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے ۔ مزید چند دنوں میں راشن کارڈس کی اجرائی کا عمل شروع ہوگا ۔ محکمہ سیول سپلائز نے ابتدائی طور پر ریاست بھر میں 6.68 لاکھ خاندانوں کو نئے راشن کارڈ کے لیے اہل قرار دیا ہے ۔ اس فہرست کو ریاست کے 33 اضلاع کے لیے روانہ کردیا گیا ہے ۔ 20 تا 24 جنوری چار دن تک ریاست بھر میں گراما اور بستی سبھاؤں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اعتراضات قبول کرنے کے بعد قطعی فہرست تیار کی جائے گی ۔ محکمہ سیول سپلائز اضلاع کلکٹرس سے موصول ہونے والی فہرست کی بنیاد پر راشن کارڈس کو منظوری دے گی اور 26 جنوری سے نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا آغاز ہوگا ۔ آروگیہ شری ، 200 یونٹس تک مفت برقی ، 500 روپئے میں گیس سلنڈر ، طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ جیسی فلاحی اسکیمات کے لیے راشن کارڈ کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ قبل از آن لائن میں درخواستیں قبول کرتے ہوئے اس کا جائزہ لیا جاتا تھا ۔ اس مرتبہ حکومت نے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے ۔ گذشتہ سال نومبر میں انعقاد کیے گئے جامع گھریلو سروے کی بنیاد پر اس کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس سروے کے ذریعہ محکمہ سیول سپلائز نے راشن کارڈس نہ رکھنے والوں کی تفصیلات حاصل کی اور ساتھ ہی جن کے پاس پہلے سے راشن کارڈس ہیں ان میں نئے ناموں کی شمولیت کے لیے داخل کی گئی درخواستوں کو بھی جوڑ دیا ہے ۔ اس عمل کے بعد 6,68,309 خاندانوں کو ابتدائی طور پر نئے راشن کارڈس کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے ۔ ان خاندانوں میں 11,65,052 افراد کے نام شامل ہیں ۔ گرام اور بستی سبھاؤں کے بعد نئے کارڈس اور فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں اُتار چڑھاؤ آنے کے قوی امکانات ہیں ۔ ابتدائی فہرست کے مطابق حیدرآباد میں سب سے زیادہ 83,283 اور سب سے کم ضلع ونپرتی میں 6,647 خاندانوں کو راشن کارڈس جاری ہونے کے امکانات ہیں ۔۔ 2