200 یونٹ مفت برقی کا فروری سے تلنگانہ میں آغاز: وینکٹ ریڈی

,

   

100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری، کالیشورم اور دیگر بے قاعدگیوں کی جانچ جاری، جگدیش ریڈی کا جیل جانا طئے
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس کی 6 ضمانتوں کے تحت غریب اور مستحق افراد کو 200 یونٹ برقی کی مفت سربراہی پر آئندہ ماہ فروری سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ گاندھی بھون میں آج پردیش کانگریس کمیٹی کی انتخابی منشور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تلنگانہ امور کی انچارج دیپا داس منشی اور ریاستی وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے ان پر 100 دن میں عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے دو دن بعد 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا جن میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی 6 ضمانتوں پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں عوام کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 6 ضمانتوں کے سلسلہ میں جو درخواستیں وصول کی ہیں ان کی جانچ کا کام جلد شروع ہوگا۔ وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ کے سی آر حکومت نے تلنگانہ کو قرض میں ڈبودیا لہذا وعدوں پر عمل آوری میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی اور غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات پر عمل کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے پیش قیاسی کی کہ لوک سبھا چناؤ میں تلنگانہ میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی اور بی آر ایس کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوگی۔ کانگریس کے خلاف سابق وزیر جگدیش ریڈی کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جگدیش ریڈی کا جیل جانا یقینی ہے۔ کالیشورم پراجکٹ اور سابق حکومت کی دیگر بدعنوانیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور کمیٹی کے اجلاس میں وعدوں کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ضمانتوں کے علاوہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا انتخابی منشور کمیٹی وقتاً فوقتاً جائزہ لے گی۔1