واشنگٹن:23جولائی ( ایجنسیز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات پر سابق صدر اوباما پر کڑی تنقید کر ڈالی۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہاکہ انتخابات میں مداخلت کے جھوٹے دعوے کرنے والے لوگوں کے خلاف سخت اقدامات ہوں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ دعوے درست ہوں یا غلط لیکن اب وقت آگیا ہے کہ ان لوگوں کے پیچھے جایا جائے، اس سازش میں اوباما کو بالکل رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، اوباما براہِ راست پکڑے گئے ہیں، ان کا عمل غداری کے مترادف ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہاوباما نے ہیلری کلنٹن اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف بغاوت کی قیادت کی۔امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتہ نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر تلسی گبارڈ کا انٹیلی جنس دستاویزات کے حوالے سے بیان سامنے آیا تھا۔تلسی گبارڈ نے دعویٰ کیا کہ اوباما انتظامیہ کے عہدیداروں نے غدارانہ سازش کے تحت روسی مداخلت کا بیانیہ گھڑا۔تلسی گبارڈ کے دعوے کے بعد ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اوباما کی گرفتاری کی اے آئی ویڈیو بھی جاری کی تھی۔یاد رہے کہ 2016 کے امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونالڈ ٹرمپ حیران کن طور پر ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے جب کہ رائے عامہ کے تمام جائزے ہیلری کلنٹن کے حق میں تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد امریکا میں ایک نئی بحث چڑھ گئی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت میں روس کا اہم کردار ہے۔
ٹرمپ کا جاپان کیساتھ تجارتی معاہدہ کا اعلان
واشنگٹن، 23 جولائی (یواین آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے ساتھ تجارتی معاہدہ کا اعلان کیا ہے ۔ ٹرمپ نے کل رات ٹروتھ سوشل پر کہا، “ہم نے جاپان کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ مکمل کر لیا ہے ، جو شاید اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے ۔معاہدے کے تحت امریکی درآمد کنندگان ملک کو برآمد کی جانے والی جاپانی اشیا پر 15 فیصد باہمی ڈیوٹی ادا کریں گے ۔ صدر نے کہا کہ جاپان امریکہ میں 550 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کرے گا۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کو “منافع کا 90 فیصدملے گا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ سرمایہ کاری کیسے کام کرے گی یا منافع کا حساب کیسے لگایا جائے گا۔