پیرس ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی نے جمعہ کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان میں 2019ء کے منعقدہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج محض ایک حکومت کے قیام کیلئے ہی نہیں بلکہ ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کیلئے بھی مددگار ثابت ہوئے۔ یونیسکو کے صدر دفتر میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے ہندوستان میں بدعنوانی، اقرباء پروری، عوام کی محنت کی کمائی کی لوٹ اور دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور کی جاتی رہے گی۔ قبل ازیں نریندر مودی نے 1950ء اور 1960ء کے دہے میں ایرانڈیا کے دو طیاروں کے حادثوں میں ہلاک ہوجانے والوں کی یادگار کا افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر 5 اگست کو اپنی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف آرٹیکل 370 کو منسوخ کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں ’’عارضی موقف‘‘ کو کوئی اہمیت حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوتم بدھ، رام، کرشنا اور مہاتما گاندھی کی سرزمین پر ’’عارضی موقف‘‘ کو ہٹانے کیلئے 70 سال کا طویل عرصہ لگ گیا۔ نریندر مودی اس وقت اپنے سہ ملکی دورہ کے پہلے مرحلہ میں فرانس میں ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر دلچسپ ہوگا کہ فرانس کے ماؤنٹ بلینک کے دامن میں 1950ء کے دہے میں ایرانڈیا کا جو طیارہ حادثہ کا شکار ہوا تھا اس میں دیگر مسافرین کے علاوہ ہندوستان کے بابائے نیوکلیئر پروگرام ہومی بھابھا بھی شامل تھے۔
