l شہر میں ہائی ٹیک سٹی میٹرو ریل ، پولیس کمانڈ سنٹر پراجکٹس
l 5 اضلاع میں نئی ریلوے لائن سے 50 لاکھ افراد کو سہولیات
l ورنگل میں ٹکسٹائیل پارک کے قیام سے 77 ہزار نئی ملازمتوں کے امکانات
l عادل آباد میں پیپر مل ، بھدری تھرمل پاور اہم پراجکٹس میں شامل
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی نئی امیدیں بھی جاگ جاتی ہیں اور ہر کوئی نئے سال کے آغاز پر سال بھر حاصل کئے جانے والے مقاصد کے لیے منصوبہ بندی پر عمل آوری شروع کردیتا ہے تاکہ سال کے اختتام تک مطلوبہ مقاصد حاصل ہوسکیں لہذا 2019 شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے لیے بھی کئی پراجکٹس کے اعتبار سے کافی اہم سال ہوگا ۔ شہر حیدرآباد میں ویسے تو کئی ایک سرکاری اہم پراجکٹس پائے تکمیل کو پہنچانا ہے جس میں ہائی ٹیک سٹی کا میٹرو ریل پراجکٹ اہم ہے جس کا کافی عرصے سے انتظار کیا جارہا ہے ۔ امید کی جارہی ہے ماہ فروری میں یہ پراجکٹ مکمل ہوجائے گا ۔ جس کے بعد آئی ٹی ملازمین کے لیے سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا ۔ دوسرا اہم پراجکٹ بنجارہ ہلز پر پولیس کمانڈ سنٹر کا قیام ہے جس پر 350 کروڑ روپئے کے مصارف برداشت کئے جائیں گے اور اس کی پارکنگ میں 600 گاڑیوں کو ٹہرانے کی گنجائش ہوگی ۔ مارچ 2019 میں اس کا افتتاح متوقع ہے ۔ فروری میں ایک اور اہم پراجکٹ اپل میں منی شلپارامم کا قیام ہے اور اس آرٹس سنٹر پر ہندوستان بھر کے فنکاروں کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا ۔ حیدرآباد سے قطع نظر اگر ریاستی سطح پر اہم پراجکٹ کا تذکرہ کریں تو کریم نگر میں آئی ٹی پارک کا قیام جس پر 25 کروڑ روپیوں کے مصارف برداشت کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں 5 اضلاع میں نئی ریلوے لائن کا قیام بھی 2019 کا ایک اہم سنگ میل ہوگا کیوں کہ پہلی مرتبہ میدک ، سدی پیٹ ، میڑچل ، سرسلہ اور کریم نگر کو جوڑنے والی ریل لائن اس سال بچھائی جائے گی جو کہ حیدرآباد سے ان اضلاع کے ریلوے لائن رابطے کو یقینی بنائے گی ۔ اس پراجکٹ کے لیے پہلے ہی 125 کروڑ روپئے مختص کئے جاچکے ہیں اور اس لائن سے 50 لاکھ افراد کو فائدہ ہونے کا امکان ہے ۔ ورنگل میں ٹکسٹائیل پارک کا قیام بھی اس سال کا ایک اہم پراجکٹ ہے جس کے ذریعہ 77 ہزار نئی ملازمتوں کی امید کی جارہی ہے ۔ اس پراجکٹ کے لیے 9 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی اور امید ہے کہ ماہ مئی کے آواخر تک یہ پراجکٹ بھی مکمل کرلیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ بی بی نگر میں آل انڈین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( اے آئی آئی ایم ایس ) کا آغاز ، مشن بھاگیرتا ، بھدری تھرمل پاور پلانٹ ، عادل آباد کے کاغذ نگر میں پیپر مل کے علاوہ دیگر چند اہم پراجکٹس بھی 2019 میں حقیقت کا روپ اختیار کرلیں گے ۔۔