2021 سرحدی بستیوں کے لوگوں کیلئے امن و سکون کا سال

   

جموں و کشمیر کی سرحدوں پر پاکستانی دراندازی کے واقعات میں نمایاں کمی، سیاحت میں اضافہ

سری نگر: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال رواں کے اوائل میں ہی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد پر اتفاق ہونے کے باعث سال 2021 سرحدی بستیوں کے لوگوں کے لئے پُرامن اور پُرسکون کا سال رہا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر سال 2020 کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے زائد از پانچ ہزار واقعات رونما ہوئے تھے ۔یہ ان سرحدوں پر گذشتہ پندرہ برسوں کے دوران سب سے زیادہ تعداد میں ہونے والی جنگ بندی خلاف ورزیاں تھیں۔ہندوستان اور پاکستان نے ڈی جی ایم او سطح کی ایک میٹنگ کے دوران لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ اس سے متصل سبھی سیکٹروں میں 24 اور 25 فروری 2021 کی شب سے جنگ بندی اور دیگر سمجھوتوں پر عمل کرنے پر اتفاق ظاہر کیا تھا۔دونوں ممالک کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوصف سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہتا تھا جس کے نتیجے میں سرحدوں کے آر پار بے تحاشا جانی و مالی نقصان ہوا ہے ۔ہندوستان کی پاکستان کے ساتھ 3 ہزار3 سو 23 کلو میٹر طویل سرحد ملتی ہے جس میں سے 221 کلو میٹر بین الاقوامی سرحد ہے جبکہ جموں و کشمیر میں پڑنے والی 740 کلو میٹرلمبی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) ہے ۔سرکاری اعداد شمار کے مطابق سال 2021 کے وسط تک جموں و کشمیر کے سرحدوں پر پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے صرف664 واقعات رونما ہوئے جبکہ دراندازی کی بھی 28 کوششیں ہوئیں۔اِس سال کی سب سے مثبت تبدیلی سرحدی ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کا احیاء ہے۔ وادیٔ کشمیر نہ صرف پورے ملک بلکہ عالمی خطوں کے لئے بھی زبردست سیاحتی منزل کے طور پر مشہور ہے۔ کشمیری لوگوں کے لئے بھی یہ بڑی راحت والی تبدیلی ہے کہ سیاحت کو دوبارہ فروغ حاصل ہورہا ہے۔ سال رواں یعنی سال 2021 کے دوران سرحدوں پر15 دراندازوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ چار فوجی جوان بھی اپنی زندگیاں کھو بیٹھے۔