ریاض ( کے این واصف ) حج 2022ایک ایسا حج ہوگا جس میں ہندوستانی حجاج کے انتظامات کی نگرانی میں سفیر ہند برائے سعودی عرب شامل نہیں رہیں گے ۔ واضح رہے کہ اپریل 2022ء میں سفیر ہند ڈاکٹر اوصاف سعید کے دہلی تبادلہ کے بعد ریاض میں نئے سفیر متعین نہیں کئے گئے ۔ پچھلے چار ماہ سے یہاں نائب سفیر شری این رام پرساد ہی قائم مقام سفیر ہیں ۔ ایک ملاقات میں قائم مقام سفیر ہند نے بتایا کہ عمومی طور پر حج 2022 کے سارے انتظامات مکمل اور اطمینان بخش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امسال قونصل جنرل ہند جدہ محمد شاہد عالم مکمل طور پر حج انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں ۔ مملکت کے طئے کردہ تعداد کے مطابق اس سال جملہ 10 لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ ہندوستان سے 79,185 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ تمام عازمین 8ذی الحجہ کو طواف قدوم کر کے نماز ظہر سے قبل خیموں کے شہر منی پہنچ جائیں گے اور 8سے 12ذی الحجہ کے درمیان باقی مناسک ادا کر کے اپنا فریضہ حج مکمل کریں گے ۔ پچھلے دو سالوں میں کورونا وباء کی وجہ سے محدود تعداد میں حج کا انتظام کیا گیا تھا ۔ اس سال بڑی تعداد کے پیش نظر صحت کے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں ۔