2024 ء کیلئے نتیش کمار کو ممتا بنرجی کی تائید ملنے کا امکان

   

علاقائی قائدین میں جھارکھنڈ کے سورین بھی نتیش کیمپ کا حصہ ہوں گے۔ وزیراعظم مودی کو زبردست چیلنج دینے کی تیاریاں

کولکاتہ : کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا شروع ہونے کے بعد اپوزیشن کے دیگر لیڈران بھی 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ تلنگانہ کے وزیر اعلی چندشیکھر راو کی نتیش کمار سے ملاقات کے بعد ممتا بنرجی نے بھی الیکشن کو لے کر بیان بازی شروع کردی ہے۔ پی ٹی آئی کے ایک ٹویٹ کے مطابق بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں وہ ، وزیر اعلی نتیش کمار اور ہیمنت سورین متحد ہوں گے۔ ٹی ایم سی سربراہ کے اس بیان کو نتیش کمار کی اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوششوں سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے۔وزیر اعلی ممتا بنرجی طویل عرصہ سے سبھی اپوزیشن پارٹیوں کو ساتھ لے کر الیکشن لڑنے کے حق میں رہی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر بی جے پی کو سرکار بنانے سے روکنا ہے تو سبھی لیڈورں کو ساتھ آنا ہوگا۔ حالانکہ کانگریس پارٹی کی خراب کارکردگی کی وجہ سے کئی مرتبہ ممتا بنرجی کانگریس کو اپوزیشن پر ایک بوجھ بتا چکی ہیں۔ وہیں بنگال میں ہوئے ایک پروگرام کے دوران ممتا بنرجی، بی جے پی پر برستی ہوئی نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب بنگلہ دیش کی وزیر اعظم ہندوستان آئیں اور ان سے ملنے کی خواہش کے باوجود بنگال نہیں آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اس سے پہلے انہیں شکاگو اور چین جانے کی بھی اجازت نہیں دی تھی۔بی جے پی سے اتحاد ٹوٹتے ہی بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بھی بی جے پی کے خلاف میدان میں اتر چکے ہیں۔ تلنگانہ کے وزیر اعلی سے ملنے کے بعد اپنے چار روزہ دہلی کے دورہ کے دوران انہوں نے شرد پوار سے بھی ملاقات کی۔ دہلی میں نتیش نے واضح کردیا کہ وہ ابھی اپوزیشن کو متحد کرنے میں لگے ہیں۔حالانکہ نتیش کمار نے اپوزیشن کے چہرہ کے سوال کو ٹالتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح ملک کے مفاد میں اتحاد قائم کرنا ہے۔ قیادت کا سوال بعد میں طے کیا جاسکتا ہے۔