2024 میں زندگی چینل پر پاکستانی ڈرامے دکھائے جائیں گے

   

ممبئی: ہندوستانی ناظرین کو سرحد پارکے پروگرام پیش کرنے والا معروف چینل زندگی، 2024 میں ایک دلچسپ لائن اپ کے ساتھ اپنے شاندار سفر کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہے ۔فواد خان، سجل علی، وہاج علی، صنم سعید، بلال عباس، سارہ خان جیسے معروف اداکار زندگی چینل پر نشر ہونے والے شو میں نظر آئیں گے ۔ ان شوز میں فرار، برزخ، دی پنک شرٹ اور عبداللہ پور کا دیوداس شامل ہیں۔ اپلاؤز انٹرٹینمنٹ کی طرف سے پیش کیا گیا، زندگی اوریجنل ‘فرار’ نے اس سال شکاگو ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول اور ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں ایک خاص اثر مرتب کیاہے ۔ مہرین جبار کی ہدایت کاری اور ردا بلال کی تحریر کردہ یہ سیریز جدید کراچی کی تین خود انحصار خواتین کی زندگیوں پر روشنی ڈالتی ہے ۔عاصم عباسی کے ‘برزخ’ نے فرانس کے سیریز مینیا فیسٹیول میں پریمیئر کرکے بین الاقوامی اسٹیج پر اپنی شناخت بنائی ہے ۔ فواد خان اور صنم کی اداکاری میں یہ دلکش سیریز پاکستان کی وادی ہنزہ کے دلکش مناظر کے درمیان زندگی کی ایک جادوئی حقیقت اور سپر نیچرل فینٹسی کو پیش کرتی ہے ۔ سجل علی اور وہاج علی کی 8 قسطوں پر مشتمل ویب سیریز ‘دی پنک شرٹ’، اپلاؤز انٹرٹینمنٹ اور زی کے چینل زندگی کے درمیان ایک حالیہ اشتراک ہے ۔ اسی طرح ‘عبداللہ پور کا دیوداس’ بہترین دوستوں فخر اور کاشف کے درمیان محبت، دوستی اور ڈرامے کی کہانی ہے جس کا کردار بالترتیب بلال عباس اور رضا طالش نے ادا کیا ہے ۔ یہ دونوں گل بانو کو دل دے بیٹھتے ہیں، جس کا کردار سارہ خان نے ادا کیا ہے ۔