2024 میں وبائی امراض کا عروج ‘ ڈینگو اور چکون گنیا کے مریضوں میں اضافہ

   

2020 کے بعد سے امراض تیزی سے پھیلنے کا انکشاف۔ احتیاطی اقدامات سے قابو پانا ممکن

حیدرآباد 20 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 2024کے دوران وبائی امراض بالخصوص چکون گنیا اور ڈینگو کے مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا اور جاریہ سال کے اوائل میں بھی ان امراض کے متاثرین کی تعدا دمیں اضافہ کے خدشات ہیں۔ محکمہ صحت کے ڈائرکٹر جنرل آف ہیلت سروسس کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو گذشتہ 5 برسوں میں یہ تعداد سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی کیونکہ 2024 کے دوران ریاست میں چکون گنیا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 13ہزار 592 ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈینگو کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 10ہزار77 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان موسمی امراض پر طبی ماہرین کا کہناہے کہ مچھروں کے سبب پھیلنے والی ان بیماریوں پر قابو پانے میں ناکامی سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا لیکن اس اضافہ پر احتیاطی اقدامات سے قابو پایا جاسکتا ہے۔ دونوں شہروں میں ان مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی یہ مریض پائے جانے لگے ہیں ۔ ان اعداد کی توثیق کرتے ہوئے محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ موسمی امراض جو وبائی صورت اختیار کرتے ہیں ان میں ڈینگو اور چکون گنیا شامل ہیں اور دونوں امراض کی علامات یکساں ہونے کے سبب ان کی فوری توثیق نہیں کی جاتی لیکن جب علاج کے دوران علامات جوں کی توں برقرار رہتی ہیں تو ڈاکٹرس معائنوں کی تجویز کرکے اس بات کا پتہ لگاتے ہیں کہ مریض کہیں چکون گنیا یا ڈینگو جیسے امراض کا شکار تو نہیں ہے! محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ میں 2020 میں 364 چکون گنیا کے مریض کی توثیق ہوئی تھی جبکہ سال 2021 کے دوران 220 مریض متاثر پائے گئے تھے ۔ 2022 میں چکون گنیا کے مریضوں میں اچانک اضافہ ہوا تھا اور یہ تعداد 6608 تک پہنچ گئی تھی لیکن 2023 میں دوبارہ اس تعداد پر قابو پاکر مریضوں کی تعداد کو 761 پر لانے میں کامیابی حاصل کی گئی تھی لیکن اب 2024 میں چکون گنیا کے مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے جو کہ 13 ہزار 592 تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح ڈینگو متاثرین کی تعداد کا بھی ریکارڈ محکمہ صحت سے پیش کیاگیا اور اس کے مطابق 2019 میں ڈینگو کے 13ہزار331 مریضوں کی نشاندہی کی گئی تھی جبکہ 2020 میں 2173 ڈینگو کے مریضوں کی توثیق ہوئی تھی ۔ 2021 میں 7135 ڈینگو مریض پائے گئے تھے اور 2022 میں 8972 ڈینگو متاثرین کی توثیق ہوئی تھی ۔ 2023 میں 8ہزار16 ڈینگو مریضوں کی توثیق ہوئی تھی جبکہ 2024 میں یہ تعداد 10ہزار77 ہوگئی ہے ۔ 3