’2025 تک ٹی بی سے پاک ہندوستان کیلئے ٹی بی ویکسین کاتجربہ جاری‘

   

نئی دہلی: حکومت نے آج ایوان بالا راجیہ سبھا میں کہا کہ وہ سال 2025 تک ہندوستان کو تپ دق (ٹی بی) سے پاک بنانے کے ہدف کے ساتھ کام کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں اس کی ویکسین کی آزمائش کا تیسرا مرحلہ چل رہا ہے اور اسکی جلد ہی آنے کی امید ہے ۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر من سکھ مانڈویہ نے آج وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کے جواب میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ کے دوران ٹی بی ٹسٹ میں کچھ کمی آئی تھی لیکن اب اس معاملے میں صورتحال معمول پر آ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک 18 لاکھ ٹسٹ ہوچکے ہیں اور لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیسی کمپنی ٹی بی کی ویکسین کا تجربہ کر رہی ہے ۔ تجربہ کا تیسرا مرحلہ جاری ہے اور اسی رپورٹ کی بنیاد پر اس کو لگائے جانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2025 تک ملک کو ٹی بی سے پاک بنانے کا ہدف رکھا ہے اور اس کے مطابق کام جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ریاستوں سے بھی اپیل کی گئی ہے ۔
اور انہیں ٹی بی سے پاک رہنے کے لیے پروگرام بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔وزیر نے بتایا کہ لکشدیپ اور جموں و کشمیر کے دو اضلاع کو ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ہے ۔ اسی طرح پورے ملک کو ٹی بی سے پاک بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔