ممبئی : 2025 ہارر فلموں کے شائقین کے لیے ایک بڑا دھماکا ثابت ہونے والا ہے۔ کیونکہ سائیکولوجیکل تھرلرز سے لے کر مافوق الفطرت اورکامیڈی تک، اس سال کئی ہارر فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں۔ اس سال سب سے پہلے سنجے دت کی فلم بھوتنی ریلیز ہوگی۔ بھوتنی18 اپریل 2025 کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم میں مونی رائے، سنی سنگھ، پلک تیواری، آصف خان جیسے مشہور اداکار شامل ہیں۔ فلم کا ٹریلر مضحکہ خیز پنچ لائنز، تھرلر اور سنجے دت کے آئیکانک سویگ سے بھرا ہوا ہے۔ فلم میں کامیڈی اور ہاررکے ساتھ ساتھ کئی ہائی ایکشن مناظر بھی ہیں۔ سنجے دت خود بھی اس فلم کے پروڈیوسر ہیں۔ اور ان کی اہلیہ مانیتا دت بھی اس فلم کو شریک پروڈیوس کر رہی ہیں۔ اس کے بعد پین انڈیا کے سوپر اسٹار پربھاس کی فلم راجہ صاحب سال کے آخر تک سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔ یہ فلم اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ پربھاس پہلی بارکسی ہارر کامیڈی فلم میں نظر آنے والے ہیں۔ اس سے قبل یہ فلم 10 اپریل کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن اس کے چیلنجنگ وی ایف ایکس کی وجہ سے اب اس کی ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے۔ راجہ صاحب تیلگو کے ساتھ ہندی، تامل، کنڑ اور ملیالم زبانوں میں بھی ریلیز ہوگی۔ کاجول اسٹارر ہارر فلم ‘ماں’ بھی جلد ہی سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ اجے دیوگن اس فلم کو اپنے بینر دیوگن فلمز کے تحت پروڈیوس کررہے ہیں۔ یہ فلم افسانوی ہارر پر مبنی ہے اور اس میں رونیت رائے اور اندرنیل سینگپتا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ہندی کے علاوہ تامل، تیلگو اور بنگالی میں بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے۔آیوشمان کھرانہ اور رشمیکا مندنا بھی فلم تھاما سے ہاررکی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں۔ یہ فلم مافوق الفطرت اور ہلکے پھلکے مزاح کے عناصرکو استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ہے۔ لوگوں کو اس فلم سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔ چھوری کی کامیابی کے بعد نصرت بھروچا اب چھوری 2 میں نظر آنے والی ہیں۔ دراصل چھوری ٹو 11 اپریل 2025 سے ایمیزون پرائم ویڈیو پر اسٹریم ہوگی۔ فلم میں سوہا علی خان بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔