حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شوقیہ ماہرین فلکیات اور آسمان کے نظاروں میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے نئے سال کا استقبال ’ وولف سپرمون ‘ کے ساتھ کئے ہوں گے جو 2026 کا پہلا بڑا فلکیاتی مظہر ہوگا ۔ یکم سے 4 جنوری کے درمیان چاند غیر معمولی طور پر بڑا اور روشن نظر آئے گا اور 3 جنوری کی شام یہ اپنے عروج پر پہنچے گا ۔جسے ’ وولف سپرمون ‘ کہا جاتا ہے ۔ ناسا کے مطابق سپرمون اس وقت ہوتا ہے جب پورا چاند زمین کے سب سے قریب اپنے مدار پر ہوتا ہے اس وجہ سے چاند عام پورے چاند کے مقابلے میں تقریبا 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے ۔ حیدرآباد میں چاند 3 جنوری کو شام 5-52 بجے طلوع ہوگا جو غروف آفتاب کے فوراً بعد آنے والے ’بلیو آور ‘ سے بھی مطابقت رکھتا ہے اس لیے فوٹو گرافرس کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہوگا ۔ رپورٹس کے مطابق ’ وولف مون ‘ کی اصطلاح قدیم یوروپی اور مقامی امریکی روایات سے ماخوذ ہے ۔ جہاں سردیوں کی طویل راتوں میں بھیڑیوں کے زیادہ ہواں دینے کے باعث اس مہینے کے چاند کو یہ نام دیا گیا ہے ۔ اگرچہ دکن کے سطح مرتفع پر بھیڑیوں کی آوازیں سنائی نہیں دیں گی تاہم لوگ ٹینک بنڈ اور درگم چیرو جیسے مقامات پر چاندنی کی حسین روشنی سے لطف اندوز ہوسکیں گے ۔ واضح نظارے کے لیے ماہرین شہری آلودگی اور بلند عمارتوں سے دور بلند مقامات مثلا حسین ساگر یا نوبت پہاڑ جانے کا مشورہ دیتے جہاں برلا پلانیٹوریم واقع ہے ۔۔ A
