2027 میں گجرات میں حکومت بدلے گی : کجریوال

   

احمدآباد ۔ 18 جنوری (ایجنسیز) عام آدمی پارٹی کے کنویز اروند کجریوال نے احمدآباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گجرات کے لوگ اس بار تبدیلی کیلئے مکمل طور سے تیار ہیں۔‘‘ بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ’’ہندی میں ایک کہاوت ہے ’وناش کالے وِپرت بدھی‘ اس کا مطلب ہے کہ جب انسان کا زوال آتا ہے تو بھگوان سب سے پہلے اس کی عقل خراب کرتا ہے۔ بی جے پی کا بھی گجرات میں یہی حال ہورہا ہے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ 30 سال کے بعد اب بی جے پی کی حکومت ہلنے لگی ہے۔ ان کے جانے کا وقت اب آ گیا ہے اور بھگوان نے ان کی عقل کو خراب کرنا شروع کردیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ان کے اس جلسہ کو روکنے کی مکمل کوشش کی۔ نکول میں ہونے والے جلسہ کو روک دیا، وہاں اسٹیج توڑ دیا، کرسیاں توڑ دی گئیں۔ اجازت نہیں دی گئی۔ کجریوال کا یہ بھی کہنا ہے کہ بی جے پی کو لگا تھا کہ عام آدمی پارٹی کی میٹنگ نہیں ہو پائے گی لیکن بی جے پی کی تمام تر کوششوں کے باوجود یہ جلسہ ہو رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ آئے ہیں، اس کیلئے تمام کو سلام ہے۔ کجریوال نے کہا کہ 2 روز قبل ان لوگوں نے عام آدمی پارٹی لیڈر گوپال اٹالیہ کے اوپر کسی سے جوتا پھینکوا دیا۔ ان کی قسمت خراب ہے، جس نے جوتا پھینکا تھا اس نے ویڈیو بنا کر جاری کر دی اور بتایا کہ اسے بی جے پی کے ایک لیڈر نے اس کیلئے 50 ہزار وپے دیئے تھے اور شراب پلائی تھی اس لیے اس نے جوتا پھینکا۔ ان کی پول کھل گئی۔ کجریوال کے مطابق بی جے پی نے 30 سالوں کے اندر گجرات کو کھوکھلا کر دیا اور گجرات کو لوٹ لیا۔
، آج یہاں کسان پریشان ہیں، اسکول سے لے کر اسپتال تک کو خراب کر دیا۔ یہاں کے تاجر بھی ناخوش ہیں، نوجوان نوکری کا مطالبہ کرتے ہیں تو انہیں نقلی شراب پلاتے ہیں، انہیں نشہ فروخت کیا جاتا ہے۔ اب لوگ بی جے پی کو بھگانے کی بات کر رہے ہیں۔