2027تک ملک میں 50کروڑ 5جی صارفین ہوں گے

   

نئی دہلی : اگرچہ ملک میں 5 جی سروس کی تیاریاں جاری ہیں اور حکومت اگلے ماہ اس کے لیے سپیکٹرم کی نیلامی کرنے والی ہے ۔ لیکن ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2027 تک ملک میں ٹیلی کام کے کل صارفین میں سے ہندوستان میں 40 فیصد یعنی 50 کروڑ 5 جی صارفین ہوں گے ۔ایرکسن موبلٹی کی آج جاری کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 5جی سروس ابھی ہندوستان میں شروع نہیں ہوئی ہے لیکن اندازہ ہے کہ 2027 تک اس کے صارفین کی تعداد 40 فیصد ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ حکومت اس سروس کو شروع کرنے کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے اور اس کے لیے دیسی آلات وغیرہ بھی بنائے گئے ہیں۔ اس میں اسٹارٹ اپس کی شراکت بھی لی گئی ہے اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے بھی اپنی سطح پر ٹسٹ وغیرہ کرائے ہیں۔ 5جی کے حوالے سے ٹسٹنگ جاری ہے اور اس کے لیے حکومت نے اسپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان بھی کیا ہے ۔