21 فیصد ارکان پارلیمنٹ ‘ اسمبلی و کونسل کا موروثی سیاسی پس منظر سے تعلق

,

   

لوک سبھا میں سب سے زیادہ 31 فیصد ارکان خاندانی سیاست کا حصہ ۔ اے ڈی آر اور نیشنل الیکشن واچ کی رپورٹ میں انکشاف

نئی دہلی 12 ستمبر ( ایجنسیز ) ملک میں جملہ 5,204 ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل میں ہر پانچواں رکن سیاسی خاندانی پس منظر رکھتا ہے اور لوک سبھا میں موروثی سیاست کرنے والے ارکان کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ لوک سبھا کے 31 فیصدی ارکان ایسے ہیں جو سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ انتخابی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم اسوسی ایشن برائے جمہوری اصلاحات ( اے ڈی آر ) نے ایک رپورٹ میں یہ دعوی کیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی جماعتوں میں تقریبا 20 فیصد موجودہ عوامی نمائندے موروثی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ تعداد سب سے زیادہ کانگریس میں ہے جہاں 32 فیصد عوامی نمائندے موروثی پس منظر کے حامل ہیں ۔ بی جے پی میں سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کی تعداد 18 فیصد بتائی گئی ہے جبکہ سی پی ایم ایسی جماعت ہے جس میں سب سے کم سیاسی خاندان کے ارکان ہیں۔ سی پی ایم کے صرف 8 فیصد عوامی نمائندے سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ قومی جماعتوں میں جملہ 3.214 ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کا جائیزہ لیا گیا ہے ۔ ان میں جملہ 657 ارکان موروثی پس منظر کے حامل بتائے گئے ہیں جو جملہ تعداد کا 20 فیصد حصہ ہوتے ہیں۔ کانگریس میں جملہ 32 فیصد موجودہ ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس معاملے میں دوسرے نمبر پر مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی ہے ۔ اس کے 18 فیصد ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل موروثی سیاست کی وجہ سے عوامی نمائندے منتخب ہوئے ہیں۔ اسی طرح سی پی آئی ایم میں سب سے کم عوامی نمائندے ہیں جو موروثی سیاست کا حصہ ہیں۔ سی پی ایم کے ارکان پارلیمنٹ ‘ اسمبلی و کونسل میں صرف 8 فیصد نمائندے سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسوسی ایشن برائے جمہوری اصلاحات ( اے ڈی آر ) اور نیشنل الیکشن واچ کی جانب سے یہ رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاستی اسمبلیوں میں موروثی پس منظر رکھنے والے ارکان سے زیادہ پارلیمنٹ میں زیادہ تعداد ہے۔ اسمبلیوں میں 20 فیصد ارکان موروثی سیاست کا حصہ ہیں جبکہ لوک سبھا میں 31 فیصد ارکان خاندانی سیاست کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اسی طرح راجیہ سبھا میں 21 فیصد اور ریاستی قانون ساز کونسلس میں 22 فیصد ارکان موروثی سیاست کا حصہ ہیں۔