ممبئی ۔10 اکتوبر (ایجسنیز) 19 ستمبر کی سہ پہرکو سنگاپور کے ساحل پرکچھ ایسا غیر متوقع ہوا جس نے پوری آسامی قوم کو دنگ کردیا۔ زوبین، جو نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول میں برانڈ ایمبیسیڈرکے طور پر آئے تھے، اسکوبا ڈائیونگ کے دوران بیہوش ہو ئے۔ جب انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ ڈوبنا بتایا گیا ہے۔ تاہم آسام میں کسی کو بھی یہ وضاحت قابل یقین نہیں لگی۔ سوشل میڈیا پر ایک ہی سوال گردش کرنے لگا: کیا زبین واقعی ڈوبے یا کسی نے اسے گہرائی میں دھکیل دیا تھا؟ زوبین کی موت کے بعد جو طوفان آیا اس نے سیاست، پولیس اور عوام کو اکٹھاکیا۔ چیف منسٹر ہمانتا بسوا سرما نے فوری طور پرگوہاٹی میڈیکل کالج میں دوسرا پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دیا۔ تاہم 22 دن گزر چکے ہیں اور رپورٹ ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ رپورٹ کو عام کرنے سے تحقیقات خطرے میں پڑجائیں گی، جبکہ عوام کو یقین نہیں ہے۔ اگر سب کچھ واضح ہے توکیوں چھپایا جا رہا ہے؟ یہ سوال ہر آسامی کے دل کو بے چین کررہا ہے۔ ادھر تفتیشی اداروں نے اپنا کام تیزکردیا ہے۔ سی آئی ڈی کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اس معاملے میں سات لوگوں کوگرفتارکیا ہے۔ اب تک ایس آئی ٹی نے60 سے زیادہ ایف آئی آر درج کی ہیں اور تحقیقات کا دائرہ سنگاپور تک پھیلادیا ہے۔ سنگاپورکی میڈیکل ٹیم نے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے اور رپورٹ زوبین کے اہل خانہ کو دی جائے گی۔ دریں اثنا، ہندوستان میں کروائے گئے دوسرے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ پر مہر ثبت ہے۔ جسم سے لیے گئے جگر، گردے اور آنتوں کے نمونے دہلی کی سینٹرل فرانزک لیب کو بھیجے گئے ہیں۔ یہ نمونے اس بات کا تعین کریں گے کہ آیا جسم میں کوئی زہریلا مادہ یا منشیات موجود ہیں۔ پولیس ذرائع کے بموجب کچھ ایسے شواہد ملے ہیں جن سے تفتیش کو نئی سمت مل سکتی ہے۔ بینڈ کے رکن شیکھر گوسوامی مبینہ طور پر ویڈیو میں زوبین کے بہت قریب تیراکی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ شریک گلوکار امرت پربھا نے اس پورے واقعے کو اپنے فون پر ریکارڈ کیا۔ تحقیقاتی ایجنسیاں اب اس فوٹیج کی فرانزک جانچ کررہی ہیں۔