25 جولائی کو بجٹ کی پیشکشی ۔ اسمبلی اجلاس 10 یوم تک جاری رہنے کا امکان
حیدرآباد۔18جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی اجلاس کا 23جولائی سے آغاز ہوگا جبکہ 24جولائی سے کونسل اجلاس کا آغاز کیا جائیگا ۔ 25جولائی کو مکمل بجٹ پیش کیا جائے گا اور اجلاس کے 10یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔تلنگانہ اسمبلی اجلاس کے سلسلہ میں گورنر سی پی رادھا کرشنن کی منظوری کے بعد اعلامیہ میں کہاگیا کہ 23جولائی کو 11بجے دن اسمبلی کے تیسرے سیشن کا آغاز ہوگا جبکہ گورنر نے کونسل کے 21 ویں سیشن کے آغاز کو بھی منظوری دی ہے اور اس کا آغاز 24 جولائی کو 10 بجے دن ہوگا ۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق اسمبلی اور کونسل اجلاس کے آغاز کے بعد 25 جولائی کو حکومت سے مکمل بجٹ پیش کرکے مباحث کا آغاز کیا جائیگا ۔حکومت نے اسمبلی انتخابات کے بعد اجلاس میں علیٰ الحساب بجٹ پیش کیا تھا کیونکہ مرکز سے بھی عام انتخابات کے پیش نظر علیٰ الحساب بجٹ پیش کیاگیا تھا ۔جاریہ سال فروری میں حکومت نے دوسرے ہفتہ میں 2لاکھ 75ہزار کروڑ کا علیٰ الحساب بجٹ پیش کیا تھا جو جولائی کے اختتام تک کیلئے تھا اور اب مکمل بجٹ پیش کیا جائیگا۔ ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد تیسرے اسمبلی سیشن میں برسراقتدار جماعت کی عددی طاقت میں 11ارکان کا اضافہ ہوگا کیونکہ جس وقت کانگریس نے اقتدار حاصل کیا تھا اس وقت کانگریس کے جملہ64ارکان تھے جبکہ ضمنی انتخابات میں سکندرآباد کنٹونمنٹ سے کانگریس رکن اسمبلی کی کامیابی اور اپوزیشن بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کے بعد برسراقتدار جماعت کے ارکان کی تعداد 75 ہوگی جبکہ اس میں مزید اضافہ کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ مختلف محکمہ جات نے مکمل بجٹ کیلئے تجاویز پیش کردی ہیں اور ان تجاویز کے مطابق بجٹ کی تیاری کو مکمل کرلیا گیا لیکن مرکزی بجٹ میں ریاست کے حصہ کا جائزہ لینے کے بعد حکومت سے مکمل بجٹ کو قطعیت دی جائے گی۔3