غزہ سٹی: غزہ میں گزشتہ 24گھنٹوں میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں مزید 41فلسطینی شہید ہوگئے ۔ غزہ سے فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں 18مارچ سے دوبارہ شروع کردہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1042 ہوگئی۔ اسرائیل نے حماس پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دوبارہ حملے شروع کردیئے جبکہ حماس نے کہا ہیکہ اسرائیل من مانے الزامات عائد کرتے ہوئے حملوں کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔
عید کے کپڑے پہن کر تیار ہوکر بیٹھنے والے
بچے اسرائیلی حملے میں شہید
غزہ: فلسطین پر اسرائیلی حملوں میں عید الفطر کے دن بھی کمی نہ ہوئی اور اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے عید کے کپڑے پہن کر تیار ہوکر بیٹھنے والے بچوں کو بھی شہید کردیا۔عید کے پہلے اور دوسرے دن اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہونے والے بچوں کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ آف پریس‘ (اے پی) نے عید کے دن اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے بچوں کی تصاویر جاری کردیں، جن میں بچوں کو عید کے کپڑوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے زیادہ تر بچے اپنی کیمپوں میں اس وقت شہید کیے گئے جب تمام بچے اپنے والدین اور اہل خانہ کے ہمراہ عید کی تیاریوں کے سلسلے میں امداد میں ملنے والے نئے کپڑے پہن کر تیاری کر رہے تھے۔اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے زیادہ تر بچوں کی عمریں 10 سال سے کم ہیں اور زیادہ تر بچے کے عید کی خوشیاں دیکھنے سے قبل ہی اپنے چھوٹے بہن اور بھائیوں سمیت شہید کیے گئے۔