24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 49 فلسطینی شہید

   

غزہ، 8 جولائی (یو این آئی) غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے وحشیانہ اور انسانیت دشمن حملوں میں مزید 49 فلسطینی شہید اور 262 زخمی ہوگئے ۔ غزہ سے فلسطینی وزارت صحت کے بیان کے مطابق امدادی ٹیموں نے تباہ شدہ علاقوں سے مزید 3 لاشیں نکال لیں۔غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر اسرائیلی ڈرون حملوں میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے ۔اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے غزہ میں وسط میں ایک اسکول میں قائم بوریج پناہ گزین کیمپ میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے ۔دوسری جانب غزہ شہر اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے درجنوں فلسطینیوں جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی، الاہلی اسپتال پہنچایا گیا۔غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 57 ہزار 523 فلسطینی شہید جبکہ 1 لاکھ 36 ہزار 617 زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل غزہ کے علاقے خالی کرنے پر آخر کار آمادہ
غزہ، 8 جولائی (یو این آئی) غزہ میں 7 اکتوبر 2023سے جاری حماس اسرائیل جنگ کے بعد پہلی بار اسرائیل نے غزہ کے زیر قبضہ علاقے خالی کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کا ٹز کا کہنا ہے کہ غزہ کے زیر قبضہ 75 فیصد حصے میں سے زیادہ تر خالی کردیں گے جبکہ غزہ کے دیگر 25 فیصد علاقے میں جنگ جاری رکھنا غیر ضروری ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کے بقیہ 25 فیصد علاقے میں جنگ جاری رکھنے سے یرغمالیوں کو غیرضروری خطرہ در پیش ہوگا۔اسرائیلی وزیردفاع نے یہ بھی کہا کہ کل کے بعد غزہ حماس کے بغیر ہوگا۔ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ میں حماس کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی ہوجائے گی۔اسرائیل کاٹز نے کہا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں حماس 10 زندہ یرغمالیوں کو واپس کرے گی جبکہ ہلاک یرغمالیوں میں سے نصف کی لاشیں بھی واپس دے دی جائیں گی۔جنگ بندی سے متعلق جن امور پر اختلافات باقی ہے ان پر اسرائیلی میڈیا کے مطابق سیز فائر کے دوران بات چیت کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ان امور میں جنگ مکمل ختم کرنے کی شرائط، حماس کی پوزیشن، انسانی امداد کے مسائل اور اسرائیلی فوج کیلئے متعین نئی حد بھی شامل ہے ۔