ٹی آر ایس عوام سے معافی مانگے، کریم نگر میں احتجاجی پروگرام سے پونم پربھاکر کا خطاب
کریم نگر۔/8 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر میں ٹی آر ایس نے وعدہ کیا تھا کہ اگر 24 گھنٹے پانی کی سربراہی نہیں ہوگی تو وہ ووٹ مانگنے نہیں آئیں گے۔ اب ٹی آر ایس کو میونسپل انتخابات میں ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے ۔ سابق ایم پی تلنگانہ کانگریس کارگذار صدر پونم پربھاکر نے احتجاجی پروگرام کے موقع پر یہ بات کہی۔ کریم نگر مارکٹ روڈ میونسپل واٹر ٹینک کے روبرو کانگریس نے احتجاجی پروگرام منظم کیا اور اس احتجاجی پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس ایس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو پورے کئے بغیر عوام سے ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس قائدین سے مطالبہ کیا کہ بغیر کسی شرط معافی مانگ لینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے کارگذار صدر ضلع میونسپل وزیر گنگولا کملاکر اور سابق میئر رویندر سنگھ نے سابق میں ایک اجلاس میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ 2018 میں عوام کو 24 گھنٹے پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا اور اس کے بعد ہی ہم آپ سے ووٹ مانگنے آئیں گے ۔ کے ٹی آر نے بھی سرعام اعلان کیا تھا لیکن اب یاددہانی کے بعد پانی کی عدم سربراہی پر عوام کے سامنے کس منہ سے جائیں گے کہتے ہوئے تنقید کی۔ اس پروگرام میں کانگریس پارٹی ریاستی ترجمان کومٹ ریڈی نریندر ریڈی ، داسری بھومیا، انجن کمار اور مختلف سنگھموں کے صدور، محمد تاج الدین ، کرشنا ریڈی اور دیگر شریک تھے۔
