25 ریاستوں کے کسان قائدین کی حیدرآباد آمد کے سی آر حکومت کی زرعی اسکیمات کا جائزہ لیں گے

   


حیدرآباد ۔26۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں زرعی شعبہ کیلئے کے سی آر حکومت کی اسکیمات سے متاثر ہوکر 25 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے نمائندے حیدرآباد پہنچے تاکہ مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے زرعی شعبہ کی ترقی کا جائزہ لیں۔ خصوصی بسوں کے ذریعہ کسان تنظیموں کے قائدین حیدرآباد پہنچے اور عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے رعیتو بندھو ، رعیتو بیمہ اور دیگر اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دعوت پر کسانوں کے نمائندے حیدرآباد پہنچے ہیں۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کا نظم نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے حال ہی میں مختلف ریاستوں کے دورہ کے موقع پر کسانوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کسانوں کے قائدین کو دورہ تلنگانہ کی دعوت دی تاکہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کا مشاہدہ کرسکیں۔ 25 ریاستوں کے کسان تنظیموں کے قائدین زرعی شعبہ کے علاوہ آبپاشی شعبہ کی ترقی کا جائزہ لیں گے۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کسانوں کے نمائندوں نے کہا کہ کے سی آر کسانوں کے بہترین دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ریاستوں کی حکومتوں کو تلنگانہ کی طرح زرعی پالیسی اختیار کرنے کے لئے دباؤ بنائیں گے۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے کسان قائد ہیمانش نے کہا کہ فی ایکر 10 ہزار روپئے کی امداد اور 5 لاکھ روپئے انشورنس کی فراہمی کے سی آر کا غیر معمولی کارنامہ ہے ۔ کے سی آر نے کسانوں کو احتجاج کے دوران فوت ہونے والے کسانوں کے خاندانوں کی مالی امداد کی ہے۔ 25 ریاستوں کے 100 کسانوں کا تعلق اترپردیش ، جھارکھنڈ ، اڈیشہ ، پنجاب ، کرناٹک اور دیگر ریاستوں سے ہے۔ یہ نمائندے ریاست کے مختلف علاقوں میں آبپاشی پراجکٹس کا معائنہ کریں گے اور کسانوں سے ملاقات کریں گے ۔ ر