ناگپور ۔ 13 مئی (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ناگپور میں پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ممبئی پر 26/11 کا دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا تو اس وقت ہندوستان نے دنیا سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ دہشت گردوں اور انہیں پناہ دینے والی حکومتوں کو ایک ہی سکہ سمجھا جائے ، لیکن اس وقت عالمی برادری نے اس مطالبہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ تاہم، آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یہی مطالبہ اب ملک کی سرکاری پالیسی بن چکا ہے ۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے قوم سے خطاب کے بعد دیویندر فڈنویس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے آج تین نئے قومی اصولوں کا اعلان کیا ہے ۔ ان کے مطابق، دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کو ہندوستان پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا اسی شدت سے جواب دیا جائے گا، ہندستان کسی بھی قسم کی ‘جوہری بلیک میلنگ’ کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، اور دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں یعنی پاکستانی حکومت کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی جائے گی۔