تلنگانہ میںنئی اسکیمات کا آغاز۔ ضلع انچارج میدک کونڈا سریکھا کا خطاب
سدی پیٹ۔ 15 جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر ماحولیات، جنگلات، اور مشترکہ میدک ضلع کی انچارج محترمہ کونڈا سریکھا نے کلکٹروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے 26 جنوری سے شروع ہونے والی نئی اسکیموں کو پابندی کے ساتھ نافذ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر سریکھا نے کہا کہ حکومت کے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے اسکیموں کا بہتر طریقے سے نفاذ ضروری ہے۔ 26 جنوری 2025 کو آئین کے نفاذ کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر کانگریس حکومت نے ‘‘رائیتو بھروسہ’’، ‘‘اندرما آتمیہ بھروسہ’’، نئے راشن کارڈز کی منظوری، اور ‘‘اندیرما ہاؤسنگ اسکیم’’ کو خصوصی اہمیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر سوریکھا نے میدک، سنگا ریڈی، اور سدّی پیٹ اضلاع کے کلکٹروں (راہول راج، ولورو کرانتی، اور مکلینینی منو چودھری) کے ساتھ دہلی سے گوگل میٹ کے ذریعے ایک تیاری اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں مشترکہ میدک ضلع کے ایم ایل سیز، ایم ایل ایز، دیگر عوامی نمائندے، ضلع کے نوڈل آفیسر ہری چندن، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔انہوں نے رائیتو بھروسہ اسکیم وزیر سوریکھا نے واضح کیا کہ اس اسکیم کے تحت مالی امداد صرف ‘‘بھو بھارتی پورٹل’’ پر رجسٹرڈ کسانوں کو فراہم کی جائے گی۔ صرف زرعی زمینوں کے لیے یہ اسکیم قابل عمل ہوگی اور رئیل اسٹیٹ، نالا کنورڑن، مائننگ، یا دیگر غیر زرعی زمینیں اس اسکیم سے مستثنیٰ ہوں گی۔ اندیرما آتمیہ بھروسہ اسکیم: وزیر نے کہا کہ یہ اسکیم زرعی زمین سے محروم غریب مزدور خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرے گی۔ اس کے لیے کم از کم 20 دن کے روزگار کی شرط رکھی گئی ہے، اور مستحق افراد کو گرام سبھاؤں کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔ اندیرما ہاؤسنگ اسکیم: اس اسکیم کے لیے، ‘‘اندیرما ہاؤسنگ ایپ’’ کے ذریعے رجسٹرڈ مستحقین میں سب سے زیادہ غریب افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیر نے کلکٹروں کو ہدایت دی کہ 26 جنوری تک مستحقین کی فہرست کو حتمی شکل دیں۔ نئے راشن کارڈز: وزیر نے ہدایت کی کہ راشن کارڈز کی اجرائی کے دوران کسی ایک فرد کو ایک ہی کارڈ مہیا کیا جائے اور یہ ‘‘ون راشن – ون اسٹیٹ’’ پالیسی کے تحت ہو۔ وزیر نے زور دیا کہ اسکیموں کے نفاذ میں مکمل شفافیت ہونی چاہیے اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ شکایات سیل اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے عوام کے سوالات کا بروقت جواب دیں۔ وزیر نے انتباہ دیا کہ لاپروائی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ محترمہ سوریکھا نے کہا کہ وہ جلد ایک اور اجلاس کے ذریعے ان اسکیموں کے نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گی۔ عوامی فلاح و بہبود کے لیے سخت محنت کریں اور 26 جنوری سے اسکیموں کے نفاذ کو کامیاب بنائیں۔