27جولائی تک تعلیمی ادارو ں کو تعطیل دینے کی اپیل

   

ٹوئٹر پر کئی شہریوں کی وزیر تعلیم سے نمائندگی

حیدرآباد۔24 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت 27 جولائی تک تعلیمی اداروں کو تعطیل دینے کے احکامات جاری کرے تاکہ آئندہ 3یوم کے دوران جاری رہنے والی بارش کے دوران کسی بھی طرح کے حادثات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع اور دونوں شہروں میں آئندہ 3یوم کے دوران موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اگر بارش کے دوران وقفہ بھی ہوتا ہے تو اسے ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب پیدا ہونے والے حالات تصور کیا جانا چاہئے کیونکہ آئندہ 4یوم کے دوران کسی بھی صورت میں بارشوں میں کمی کے امکانات موہوم ہیں۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اس انتباہ کے بعد ٹوئیٹر پر کئی شہریوں نے حکومت تلنگانہ اور وزیر تعلیم تلنگانہ سے اپیل کی کہ وہ تعطیلات کا قبل از وقت اعلان کریں تاکہ طلبہ اور اولیائے طلبہ کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں آئندہ 3یوم کے دوران مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے آرینج الرٹ جاری کیا ہوا ہے لیکن خانگی ماہرین موسمیات نے حکومت کے لئے جاری کی گئی تجویز میں 27 جولائی تک اسکولوں کو تعطیل دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کو مجوزہ موسم کے خطرات سے محفوظ رہنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ م