28 ڈسمبر سے کانگریس کی مزید ضمانتوں پر عمل کا عزم

   

پارٹی کے یوم تاسیس پر عمل آوری کا آغاز ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارک
حیدرآباد۔12۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ 28 ڈسمبر سے مزید ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرامارک نے بتایا کہ حکومت کانگریس کے یوم تاسیس 28 ڈسمبر کو مزید ضمانتوں پر عمل کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے آج پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں تروملا تروپتی مندر میں افراد خاندان کے ساتھ درشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے اندرون دو یوم 2 ضمانتوں پر عمل کویقینی بنانے کے اقدامات کئے اور جلد مابقی 4 ضمانتوں پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے سے قبل پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری یقینی بنانے کی منصوبہ بندی بھی جا رہی ہے اور حکام کو ہدایات دی جا رہی ہیں کہ وہ ان اسکیمات کیلئے رہنما خطوط کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عوام کی خوشحالی اور تلنگانہ میں سنہرے دور کے احیاء کے سلسلہ میں کہا کہ عوامی حکمرانی کے دور کا آغاز ہوا اور اقتدار میں آنے سے قبل جو وعدے کئے گئے تھے انہیں پورا کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر مزید چند ضمانتوں پر عمل کیلئے حکومت تبادلہ خیال کرکے عہدیداروں سے مشاورت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔