28 پالتو کبوتروں کو ہلاک کرنے والے کیخلاف مقدمہ

   

گوالیار: مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ایک شخص نے اپنے پڑوسی کے28 پالتوکبوتروں کو بے دردی سے ہلاک کردیا۔ واقعہ چہارشنبہ کی رات گوالیارکے سندیا نگر میں پیش آیا۔ شکایت کنندہ کاجل رائے نے پولیس کو بتایا کہ ان کے گھر کی چھت پر50 پالتوکبوتر تھے، جن میں سے 28 کو ان کے پڑوسی محیت خان نے ماردیا۔ کاجل نے بتایاکہ شور سن کر جب وہ چھت پرگئیں تو محیت خان کو وہاں پایا، جو ان کے سوال پر فوراً فرار ہوگیا۔ چھت پر28 کبوتر مردہ حالت میں ملے جبکہ باقی خوف کے مارے چھپے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق محیت خان کبوتروں کی موجودگی پر اعتراض کرتا تھا، جس کی وجہ سے دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ضلعی محکمہ جنگلات کو دی، جنہوں نے مردہ کبوتروں کا پوسٹ مارٹم کیا۔ رپورٹ کے مطابق کبوتروں کو بے رحمی سے گردن مروڑکر ہلاک کیا گیا۔ محیت خان کے خلاف جانوروں پر ظلم کی دفعہ11 (1960 ایکٹ) اور دفعہ 325 کے تحت مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔